جامعہ کراچی کے طالبعلم کو امریکا میں سماجی خدمات پر سرٹیفکیٹ مل گیا
جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات سے تعلق رکھنے والے نوجوان طالبعلم اسجد یامین کو امریکہ کی معروف فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کی جانب سے ان کی نمایاں سماجی خدمات کے اعتراف میں خصوصی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
اسجد یامین گزشتہ دنوں اپنے پانچ ہفتے کے نجی دورے پر امریکہ آئے، جہاں انہوں نے امریکی مسلمانوں کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کے ساتھ بطور رضاکار خدمات انجام دیں۔ وہ مختلف فوڈ پینٹریز میں ضرورت مندوں کو کھانے کی فراہمی میں مدد کرتے رہے اور فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اسجد یامین نے اپنے قیام کے دوران نہ صرف عام فلاحی کاموں میں حصہ لیا بلکہ برانکس میں لگنے والی آگ کے دوران بھی سب سے پہلے پہنچنے والے رضاکاروں میں شامل تھے۔ انہوں نے متاثرین کو فوری امداد پہنچانے اور ان کے لیے بنیادی ضروریات کا بندوبست کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر اسجد یامین کا کہنا تھا کہ خدمت خلق عبادت ہے اور امریکہ میں اکنا ریلیف بغیر کسی رنگ و نسل کی تفریق کے سماجی خدمات انجام دے رہی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اس مشن کا حصہ بنا اور ضرورت مندوں کی مدد کر سکا۔اکنا ریلیف نیویارک کے انچارج اور ہنگر پریونشن کے نیشنل ڈائریکٹر اسحاق الپار نے اسجد یامین کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسجد جیسے نوجوان نہ صرف اپنی کمیونٹی بلکہ پوری انسانیت کے لیے امید کی کرن ہیں۔ ان کا جذبہ اور لگن قابلِ تحسین ہے۔اکنا ریلیف کے دیگر کارکنان نے بھی اسجد یامین کے جذبے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نوجوان نسل اسی طرح فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے گے۔ اس تقریب میں اکنا ریلیف کے مختلف ذمہ داران اور رضاکار بھی شریک تھے، جنہوں نے اسجد یامین کی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔