
جنگلاتی آگ کے خطرے والے علاقوں میں گھریلو انشورنس کی پیشکش ضروری قرار
کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں نئے قانون کے تحط انشورنس کمپنیوں کو ایسے علاقوں میں گھریلو انشورنس کی پیشکش کرنا ضروری ہوگا جو جنگلات کی آگ کے خطرے سے دوچار ہیں۔
حکام کے مطابق یہ اقدام حالیہ برسوں میں جنگلاتی آگ کی شدت اور انشورنس کوریج کے بحران کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت سی انشورنس کمپنیوں نے ان علاقوں میں پالیسیز جاری کرنے یا تجدید کرنے سے انکار کر دیا تھا جس سے مقامی رہائشیوں کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ قانون کے تحت انشورنس کمپنیوں کو کوریج کی شرائط واضح کرنے اور رہائشیوں کو معقول قیمت پر انشورنس کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی۔ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے کہا کہ یہ قانون متاثرہ کمیونٹیز کو تحفظ دینے اور ان کی بحالی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ نئے قانون کے تحت ریاست ان انشورنس کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرے گی جو جنگلاتی آگ کے خطرے والے علاقوں میں خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہوں۔ ان اقدامات کا مقصد انشورنس انڈسٹری میں توازن پیدا کرنا اور متاثرہ رہائشیوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔