امریکا میں سیاسی رہنما کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں اہم شخصیات کی آمد
نیویارک:مسلم لیگ ن امریکہ کے سینئیر نائب صدر میاں فیاض کے صاحبزادے فرزوق فیاض کی شاندار تقریبِ ولیمہ نیویارک کے علاقے یونکرز میں منعقد ہوئی۔ تقریب پاکستانی کمیونٹی کی ثقافت اور روایت کی بھرپور عکاسی کرتی رہی۔نیویارک کے علاقے یونکرز میں پاکستانی کمیونٹی کی جانی مانی کاروباری، سماجی، اور سیاسی شخصیت میاں فیاض کے صاحبزادے فرزوق فیاض کی تقریب ولیمہ دھوم دھام سے منعقد ہوئی، تقریب کا انعقاد مقامی بینکوئٹ ہال میں کیا گیا جہاں دلہا دلہن کی شاندار انداز میں آمد نے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔
تقریب میں میاں فیاض نے خصوصی طور پر شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ان کے خاندان کے لیے نہایت یادگار ہے۔ انہوں نے اپنے دوستوں، عزیز و اقارب اور کمیونٹی کے افراد کی شرکت کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔تقریب کے دوران دولہے کے بھائیوں اور قریبی دوستوں نے خوب بھنگڑے ڈالے اور مہمانوں کے لیے محفل کو یادگار بنا دیا۔ تقریب میں نہ صرف میاں فیاض کے خاندان اور دوستوں نے شرکت کی بلکہ نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اوراے پی پیگ کے چئیرمین ڈاکٹراعجاز سمیت کمیونٹی کی کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ میاں فیاض پاکستانی کمیونٹی میں اپنی خدمات اور سرگرمیوں کے باعث نمایاں مقام رکھتے ہیں، اور ان کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کمیونٹی کے افراد کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوئی۔