نیویارک میں ہیلووین تہوار کی مناسبت سے پریڈ کا انعقاد
نیویارک:امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں ہیلووین تہوار کی مناسبت سے پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکا نے منفرد کاسٹیومز اور ماڈلز کیساتھ بھرپور شرکت کی۔ڈراؤنے چہرے یا رنگ برنگ کاسٹیوم،ہیلووین ایسا موقع ہے کہ جس کا جو دل چاہے ویسا روپ دھارے۔اس دلچسپ تہوار کے موقع پر مین ہٹن کی سڑکوں پر بھی ہیلووین پریڈ میں شرکاء کی بڑی تعداد نے بھوتوں،چڑیلوں اور کارٹون کرداروں کا روپ دھارا اور دیوہیکل ماڈلز لئے شہر کی سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے نہ صرف لوگوں کو خوب ڈرایا بلکہ موج مستیاں بھی کیں۔اس کے علاوہ تہوار کی مناسبت سے شہریوں نے اپنے گھروں کو بھوت بنگلوں کی شکل دینے کی بھی کوشش کی۔ کسی نے انسانی ڈھانچے گھروں کے سامنے لٹکائے تو کسی نے تراشے ہوئے کدو اور انکے اندر روشنی جلا کر اس تہوار کو مزید جاندار بنایا۔پریڈ کے دوران بینڈ کی دھن پر شرکاء نے رقص کا شاندار مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کیا۔ ہالووین ہر برس 31 اکتوبر کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔اس کی تاریخ قدیم سلتک تہوار سوان سے وابستہ ہے۔ یہ سردیوں کے آغاز،فصلوں کی کٹائی اور مردوں کی روحوں کی واپسی کی یادگار تھا۔اس دوران لوگ آگ جلا کر اور مختلف ملبوسات پہن کر روحوں سے بچنے کی کوشش کرتے تھے۔ وہ خوفناک مٹھائیاں بھی تقسیم کرتے تھے۔ وقت کے ساتھ ساتھ،یہ تہوار بہت سے ثقافتی عناصر کو شامل کرتے ہوئے مزید تفریحی اور تجارتی شکل اختیار کر گیا ہے۔