نیویارک کے ایڈلٹ ڈے کئیر میں ملین ڈالرز کا فراڈ،پاکستانی خاتون سمیت 7گرفتار
نیویارک(نمائندہ خصوصی)نیویارک سٹی میں واقع ایڈلٹ ڈے کیئر میں سنگین مالی فراڈ کا معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ایک پاکستانی نژاد خاتون سمیت7 افراد کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں چار خواتین اور تین مرد شامل ہیں ۔نیویارک کے علاقے بروکلین میں واقع ایک ایڈلٹ ڈے کیئر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے مبینہ طور پر کئی ملین ڈالر کے فراڈ اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کررہے تھے۔طویل انکوائری کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادار نے ڈے کیئر سینٹر کی مالک پاکستانی نژاد خاتون،ان کے بیٹےاور5ملازمین سمیت 7 افراد گھر سے حراست میں لے لیا ہے ۔گرفتار ملزمان میں چار خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے ڈاؤن ٹاؤن بروکلین میں نیویارک پولیس کے 84 پریسنکٹ منتقل کیا گیا ہے۔ان ملزمان کے خلاف گزشتہ سال انکوائری شروع کی گئی تھی اور چند ماہ قبل قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ایڈلٹ ڈے کیئر پر چھاپہ مار کر کمپیوٹر اور دستاویزات پر مبنی ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا تھا جو گزشتہ ہفتے انھیں واپس کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد اس کیس سے متعلق سرکاری محکمہ سے بھی مزید اہم معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فراڈ کی رقم بیرون ملک منتقل کی گئی ہے اور اس میں ملوث شخص کے خلاف انکوائری جاری ہے اور جلد گرفتاری کا بھی امکان ہے ۔گزشتہ دنوں قانون نافذ والے ادارے نے منی لانڈرنگ میں ملوث شخص کے موبائل فون اپنی تحویل میں لے لیے تھے۔