
سٹی ہال نیویارک میں پھیلی افراتفری کو ختم کرنے کے لیے مئیر ایڈمز متحرک
اطلاعات ہیں کہ شینا رائٹ نے بھی منگل کے روز استعفی دیدیا،تحقیقات کے بعد سے بہت سے لوگ ایڈمز کے جہاز سے چھلانگ لگاچکے ہیں،ماریا ٹوریس کی تقرری کے بعد ناقدین کی طرف سے مئیر کو پذیرائی ملی،مئیر نیویارک کا بےگناہ ہونے پر اصرار
نیویارک(ویب ڈیسک)ایف بی آئی کارروائیوں اور فردجرم عائد ہونے کے بعد سے سٹی ہال میں بھوچال سا آگیا جس کے بعد انتظامیہ میں شامل بہت سارے لوگوں نے مئیر ایڈمز کے جہاز سے چھلانگ لگادی اور اپنے راستوں پر چلتے بنے۔شینا رائٹ سمیت10افراد مستعفی ہوچکے ہیں۔تقریبا ڈیڑھ ماہ کے دوران سٹی ہال میں افراتفری پائی گئی اس افراتفری کو ختم کرنا ضروری ہوگیا تاکہ کام کی طرف فوکس کیا جائے سٹی ہال میں پائی جانے والی افراتفری کو ختم کرنے کے لیے مئیر ایڈمز متحرک ہیں ۔آئندہ آنے والے دنوں میں سٹی ہال میں تبدیلیاں ہوتی ہوئی نظر آرہی ہیں اور انتظامیہ کو پُرسکون رکھنے کی کوشش تیز کردی ہے ۔مئیر ایڈمز نے منگل کے روز ایڈمز نے ماریا ٹوریس اسپرنگر کو پہلے ڈپٹی میئر کے عہدے پر فائز کر دیا ہے۔ماریا کی تقرری کے بعد مئیر کے فیصلے کو لوگوں کی طرف سے پذیرائی ملی ہے وہ لوگ بھی تعریف کررہے ہیں جو مئیر کے ناقدین میں شمار ہوتے ہیں اور اسکینڈل کے بعد مئیر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے تھے ۔سٹی ہال میں ہونے والی تبدیلیوں کے بعد بظاہر لگتا ہے کہ یہ ہدایات گورنر نیویارک کی طرف سے آرہی ہیں کیونکہ گورنر نے ہی مئیر نیویارک پر گھر کی صفائی کا دباؤ ڈالا تھا۔مئیر نیویارک ایرک ایڈمز نے ایک بیان میں کہا کہ میں نے ہفتے کے آخر میں گورنر کے ساتھ بہت اچھی بات چیت کی تھی اور گورنر نے مجھ سے کچھ سوالات کیے اور تجاویز دیں۔مئیر کا کہنا ہے کہ میں نے گورنر کی پیش کردہ تجاویز کو دیکھا اور سمجھا کہ ان پر عمل کیا جائے اور ان تجاویز پر عمل کیا ۔ایڈمز نے اپنی بے گناہی کی بات کو دوہرایا اور کہا کہ وہ اپنا نام صاف کرنے کے لیے لڑیں گے۔ہم ہتھیار نہیں ڈالتے۔ ہم اس کے لیے لڑتے ہیں جسے ہم درست سمجھتے ہیں۔ اور میں آپ سے کہنے جا رہا ہوں۔میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور میں کسی کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالوں گا جو مجھے بتائے کہ میں نے کچھ غلط کیا ہے۔جب میں نے غلط کیا ہی نہیں ہے تو ڈروں کیوں۔واضح رہے کہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شینا رائٹ بھی منگل کے روز استعفی دے چکی ہیں ۔ان کے استعفی کو میڈیا کے سامنے نہیں لایا گیا ہے۔