لانگ آئی لینڈ میں حسب روایت عید میلاد النبی کا جلوس برآمد
نیویارک (بیورو رپورٹ)جشنِ عید میلاد النبی کی مناسبت سے نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں بارہواں سالانہ جلوس برآمد ہوا جو فاطمہ مسجد پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔لانگ آئی لینڈ کی ناساؤ کاونٹی کی ویلی اسٹریم میں واقع فاطمہ مسجد نے جشن ِ عید میلاد النبی کی مناسبت سے سالانہ بارہواں جلوس برآمد کیا۔ جلوس کا آغاز تلاوتِ کلام ِپاک سے ہوا۔فاطمہ مسجد کے روحِ رواں امام شفقت نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ آفس آف ایشئن امریکن افیئرز نے جلوس کے پرمٹ کے اجراء اور انتظامی امور میں بھرپور معاونت کی۔
اس جلوس میں عاشقانِ رسول ﷺ کی کثیر تعداد شریک ہوئی جن میں نوجوان،مرد و خواتین،بزرگ اور بچے سب ہی شریک تھے۔نعت خوانوں نے نذرانہ ِ عقیدت پیش کیا۔جلوس میں ناساؤ کاؤنٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین کے سینئر ایڈوائزر چودھری اکرم اور آفس آف ایشین امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی سمیت نیویارک کی مختلف مساجد اور اسلامک سینٹرز سے علما ء کرام نے شرکت کی اور سیرت النبی پر روشنی ڈالی ۔مفتی سجاد مدنی نے اکرم چودھری سے درخواست کی کہ وہ ناساؤ کاؤنٹی میں آفیشلی میلاد مصطفیٰ منانے کے لیے اجازت نامہ دلوایا جائے۔اس موقع پر سینئر ایڈوائزر اکرم چودھری کا کہنا تھا کہ رسول اللہ کے نام پر جان بھی قربان ہے،میلا د النبی کے پرمٹ کے لیے ضرور بات کریں گے۔جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا فاطمہ مسجد پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔اس موقع پر شرکاء کے لیے نذر و نیاز اور لنگر کا بھرپور اہتمام کیا گیا تھا۔