پاک سعودی نیشنل ڈے کی مناسبت سے محفل مشاعرہ،شعراءاکرام نے سمیٹی داد
ریاض(نمائندہ خصوصی)سعودی عرب میں پاکستان کلچرل گروپ نے سفارت خانہ پاکستان میں محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا جس میں پاکستان کے نامور شعراء اکرام نے اپنے کلام سنا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان کلچرل گروپ کے زیر ِ اہتمام سفارت خانہ پاکستان میں پاک سعودی نیشنل ڈے کی مناسبت سے منعقدہ محفل مشاعرہ میں پاکستانی سفیر احمد فاروق سمیت کمیونٹی کے مردوخواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر نامور شعراء کرام شاعر عباس تابش،زاہد فخری، عنبرین حسیب، حمیدہ شاہین، آفتاب علی ترابی، سہیل ثاقب اور منصور محبوب نے اپنا کلام سنایا اور محبت کے جذبات سے بھری شاعری سنا کر حاضرین کے دلوں کو خوبصورت رومانوی جذبات سے بھر دیا ۔جبکہ طنز ومزاح پر مبنی شاعری نے مشاعرے میں شرکاء کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں ۔اس موقع پر پاکستانی سفیر احمد فاروق کا کہنا تھا کہ پاکستانی ثقافت اپنا ایک منفرد مقام رکھتی ہے اور بیرون ممالک ایسے کلچرل پروگراموں سے ہمارے ثقافتی ورثے کو فروغ ملتا ہے اور پاکستان کا مثبت چہرہ نمایاں ہوتا ہے۔ پاکستان کلچرل گروپ کے صدر ظفراللہ خان کا کہنا تھا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ہم دیار غیر میں مقیم ہم وطنوں کے لیے ایسے تفریحی اور ثقافتی پروگرام ترتیب دئیے جائیں جن سے ہمارے ثقافتی رنگ زیادہ سے زیادہ اجاگر ہوسکیں ۔شعراء کرام نے بھی ایونٹ کو سراہا شائقین کی جانب سے داد پر انہیں خراج تحسین پیش کی۔