میئر ایڈمز نے نئے تعلیمی سال کیلئے 24 نئی اسکول عمارتوں کا افتتاح کردیا
نیویارک:میئر ایڈمز نے آئندہ تعلیمی سال کی تیاری کے لیے 24 نئی اسکول عمارتوں کا افتتاح کردیا ۔مئیر کا کہنا تھا کہ بچوں کے لئے خوبصورت ماحول فراہم کرنا تعلیم کے عمل کا ایک اہم حصہ ہے ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچوں کے پاس جدید سہولتیں موجود ہوں۔میئر ایرک ایڈمز نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ یہ کام کوئی بھی اکیلے نہیں کر سکتا تھا اور میں چانسلر، برونکس بورو کے صدر، سٹی کونسل ممبر سالمانکا اور ریاستی اسمبلی کی رکن جینیفر راجکمار کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ہم سب نے مل کر یہ کام کیا ہے۔ میئر نے کہا کہ بچوں کو خوبصورت ماحول فراہم کرنا تعلیمی عمل کا ایک اہم حصہ ہےہم اپنے بچوں کو جدید سہولیات دینا چاہتے ہیں جیسے کہ سائنس لیب، میوزک روم، اسپیشل ایجوکیشن روم، جمنازیم، آڈیٹوریم اور لائبریریاں اور انہیں کھیل کے میدانوں کی بھی ضرورت ہے۔ میئر ایڈمز نے بتایا کہ اسکول کی 24 نئی عمارتوں میں 11,000 اضافی طلباء کے لیے جگہ بنائی ہےجو 2003 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔ میئر نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اسکول صحت مند، محفوظ اور جدید ہوں، تاکہ بچے ان سے محبت کریں۔میئر نے سکول کنسٹرکشن اتھارٹی اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا اور نئے سکولوں کی کامیابی کے لیے اپنی نیک نیتی کا اظہار کیا۔