پاک فوج کے سپہ سالار کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد
کراچی( ویب ڈیسک) پاک آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں شرکاء کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی، فورم نے ملک میں بلخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سرگرم دہشت گردوں اور ان کے سہو لت کاروں کی سرگرمیوں کے تدارک کے لئے متعدد اقدامات پر غور کیا۔ فورم نے کہا کہ فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے، پاک فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے، جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثناء کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔
فورم کے شرکاء نے کہا کہ فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لئے لازم ہے، اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ فورم نے دہشت گرد نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سخت سائبر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا۔
فورم نے بھارت کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریک آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، شرکاء نے اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت اور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔