امریکی کانگریس مین ٹام سوازی پاکستان کاکس کے نئے سربراہ مقرر
واشنگٹن( ویب ڈیسک) امریکی کانگریس مین ٹام سوازی کو پاکستان کاکس کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا سے گفتگو میں کانگریس مین ٹام سوازی نے پاک امریکا تعلقات بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کاکس کی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے انتہائی پُرجوش ہوں۔ ٹام سوازی نے آئندہ ماہ نومبر میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا، اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
کانگریس مین ٹام سوازی اور واشنگٹن میں پاکستانی سفیر رضوان سعید کی ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔ جس میں پاک امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، سفیر پاکستان نے ٹام سوازی کو مبارکباد بھی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات دونوں ممالک اور خطے کیلئے اہمیت کے حامل ہیں، پاکستان امریکا کے ساتھ معاشی تعلقات کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔