پاکستان ڈے پریڈ نیوجرسی، استاد رفاقت علی خان اور ندیم عباس لونے والا کی شاندرا
نیوجرسی (بیورورپورٹ)پاکستان کے 77 ویں جشنِ آزادی کی خوشی میں نیوجرسی میں اوک ٹری روڈ پرمنعقدہ پاکستان ڈے پریڈ کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک سے ہوا۔ تقریب میں نہ صرف نیوجرسی بلکہ مختلف ریاستوں اور شہروں سے پاکستانی امریکن کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔خوشی کی اس پر وقار تقریب میں پہلے امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے پڑھے گئے اور اس کے بعد دونوں ممالک کے جھنڈوں کی پرچم کشائی کی گئی۔پاکستان کے ڈے پریڈ کے شرکاء کے لیے شاہی پیلس کی طرف سے مفت حلوہ پوری کے ناشتے کا بھرپور اہتمام کیا گیا تھا جس سے سب ہی خوب لطف اندوز ہوئے۔تقریب کی ابتدائی نظامت نزہت اور ماہا نے سنبھالی ۔ شرکا کو خوش آمدید کہااوران کا جوش و لولہ بڑھانے کے لیے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے۔ اس موقع پر کمسن بچوں اور بڑوں نے بھی پاکستان کے تاریخی ملی نغموں پر شاندار ٹیبلوز پیش کیے۔
پاکستان ڈے پریڈ میں روایتی دیسی بازار بھی لگا جس میں خوبصورت ملبوسات، دیدہ زیب جیولری،کاسمیٹکس اور دیگر اشیاء کے اسٹالز سجے ہوئے تھے۔ اس موقع پر بچوں کے سات ہلکے پھلے سوالوں پر مبنی کوئز سیشن بھی ہوا۔ بعد ازاں تقریب کی نظامت پریڈ کمیٹی کے بانی چیئر پرسن ڈاکٹر زبیر نے سنبھالی ، انھوں نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا خیر مقد م کیا۔ڈاکٹر زبیر اور ان کی اہلیہ سارہ زبیر نے پریڈ کے منتظمین ،والنٹیئرز اور باالخصوص مرحوم سیم خان کی بہن ساجد اور بھانجے حنان کی کاوشوں کو سراہا ۔ تقریب میں پاکستان کے 77 ویں یومِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔پاکستان ڈے پریڈ کے شرکاء کے لیے گرما گرم کھانوں کے بھی اسٹالز لگے ، ایسے میں بار بی کیو کا اہتمام نہ ہو یہ تو ہو ہی نہیں سکتا، جس کی خوشبو نے سب کو اپنی طرف متوجہ کرلیا۔ اس موقع پر پریڈ ڈاکٹر زبیر نے پریڈ کمیٹی کے چیئر مین ملک سلیمان، صدر متین عباس اور جنرل سیکریٹری کامران خان کو اسٹیج پر مدعو کیا جن کی کوششوں سے یہ پریڈ منعقد ہوئی۔
شرکاء سے خطاب میں چیئر مین ملک سلیمان نے حاضرین کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور اپنی ٹیم کی ستائش کی۔ اس موقع پر پریڈ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری کامران خان نے مہمانوں اور شرکاء سے اظہارِ تشکرکیا۔ پریڈ کے بانی ٹرسٹیز مرحوم میاں عزیز اور سیم خان کو بھی یاد کیا،ساتھ ہی ساتھ پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ سے درخواست کی کہ وہ نیوجرسی میں کیمپ آفس بھی قائم کیا جائے۔پاکستان ڈے پریڈ میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی شریک تھے،اس موقع پر پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ہماری تعیناتی چند سالوں کے لیے ہوتی ہے لیکن امریکا میں مقیم اوور سیز ہی دراصل پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں، انھوں نے نیوجرسی میں ہر ماہ دو کیمپ آفس لگانے کی یقین دہانی کروائی۔
ڈاکٹر زبیر کے بعد سیم خان کے بھانجے حنان نے نظامت کے فرائض انجام دیے، امریکی خواتین آفیشلز کا تعارف کروایا، ان
کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین سیاست میں اپنی جگہ بنارہی ہیں۔ اس موقع پر ریاست نیوجرسی سے منتخب پہلی پاکستانی نژاد امریکی اسمبلی وومن شمع حیدر کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں ہماری کمیونٹی کی نوجوان لڑکیاں اور خواتین انتظامی امور اور سیاسی شعبے آگے آئیں۔جشنِ آزادی کی تقریب کے شرکاء امریکی اور پاکستانی بڑے بڑے پرچم اٹھائے ،ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتےاور بھنگڑے ڈالتے اپنے مقررہ مقام کی جانب چلے۔ قبل ازیں پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے رکن محمد علی نے ذہنی صحت سے متعلق آگہی کے لیے واک کا اعلان کیا جبکہ الرحمان الرحیم فاؤنڈیشن کے نوجوان نمائندے احمد کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں غلط پالیسی اور فیصلوں کی وجہ سے اپنے ملک کو بدنام نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان ڈے میں ملکی ثقافت کے سب ہی رنگ نمایاں تھے۔
اس موقع پر نیوجرسی میں برلنگٹن کاؤنٹی کے ٹاؤن ماؤنٹ لورل سے پہلی پاکستانی نژاد امریکی خاتون میئر فوزیہ جنجوعہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمیونٹی نے ہمیشہ اتحاد و اتفا ق کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر نیوجرسی ہی میں منتخب پاکستانی اور بنگلہ دیشی نژاد امریکی خواتین نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو سیاسی میدان میں بھی اپنی قسمت آزمانی چاہیے۔ پاکستان ڈے پریڈ کے روز نیوجرسی میں موسم بھی مہربان رہا۔ شرکاء خاصے خوش دکھائی دیے۔ تقریب میں شریک نیوجرسی کے ٹاون ایڈیسن کے میئر سیم جوشی نے بھی حاضرین سے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی اپنی تہذیب و ثقافت اور اقدار کے سفیر ہیں اور ہم نے ایک دوسرے ک ساتھ دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔تقریب کے شرکاء کو محضوظ کرنے کے لیے موسیقی کا بھرپور اہتمام تھا، مقامی فنکارں نے ملی نغمے حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیے ۔تقریب کے شرکاء جوش و جذبہ خاصا دیدنی تھا، ڈے پریڈ میں شریک نیویارک سٹی کے ڈپٹی پبلک ایڈوکیٹ کاشف حسین کا کہنا تھا کہ یقیناً آج بہت خوشی کا دن ہے،سیاسی وابستی سے بالاتر ہوکر سبز ہلالی پرچم بلند ہیں، آج سیم خان کی بھی کمی بہت محسوس ہورہی ہے۔
قبل ازیں پاکستان ڈے پریڈ میں شریک امریکی آفیشل نے بھی کمیونٹی کو جشنِِ آزادی کی مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک اور شہر سب کا ہے اور ہم تمام کمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کرناچا ہتے ہیں۔ اس موقع پر دیگر امریکی آفیشلز نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی بطور امریگرنٹس اس ملک میں آئے ، محنت کی اور اپنا مقام حاصل کیا، پاکستانی کمیونٹی میں آگے بڑھنے کی لگن اور جستجو ہے۔پاکستان ڈے پریڈ کے بانی چیئر مین ڈاکٹر زبیر اپنے مرحوم دوست سیم خان جو اس پریڈ کی رونق ہوا کرتے تھے، ان کی اہلیہ اور بیٹی علیشاہ کو بھی مدعو کیا، سیم خان کی فیملی کا کہنا تھا کہ اس پریڈ میں شرکت کرنا ہمیشہ بہت خوشگوار ہوتا ہے۔
پاکستان کے یومِ آزادی کے جشن میں شام ہوئی تو موسیقی کی محفل بھی سج گئی۔معروف گلوکار استاد رفاقت علی خان نے مقبول فارسی کلام تو کجا من کجا سنا کر سماں باندھ دیا۔ بعد ازاں مشہور فوک گلو کار ندیم عباس لونے والا نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا جس پر حاضرین جھوم اُٹھے۔تقریب کے اختتام سے قبل امریکی آفیشل اور پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی کے منتظمین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔