نیوجرسی میں شاندار حلال فوڈ فیسٹیول،دنیا بھر کے مزیدار ذائقے پیش
نیوجرسی(بیورورپورٹ)نیوجرسی میں جرسی حلال اسپاٹ کے زیر شاندار حلال فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔نیو جرسی میں منعقدہ فیسٹیول میں پاکستانی،عرب،افغانی،میکسکن،انڈین،امریکن،اٹالین سمیت دنیا کے مختلف علاقوں کے مزیدار کھانوں کے اسٹالز موجود تھے۔ ہر اسٹال پر گرماگرم تازہ کھانا پیش کیا جارہا تھا، جہاں بار بی کیو کی خوشبو لوگوں کو اپنی طرف کھینچ رہی تھی،وہیں میکسکن فوڈ کے شوقین بھی اپنی پسند کے کھانوں سے لطف اندوز ہورہے تھے۔فیسٹیول میں طرح طرح کے مشروبات پیش کیے جارہے تھے جو لوگوں کی پیاس بجھا رہے تھے،جب کہ گرم موسم میں آئس کریم لوگوں کو سکون فراہم کر رہی تھی۔محفل کی رونق کو بڑھانے کے لیے چائے کے اسٹال بھی موجود تھے،جہاں مہنگی چائے بھی لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی تھی۔ہر اسٹال پر لوگوں کی لمبی قطاریں نظر آرہی تھیں،جہاں نوجوان،بزرگ،خواتین اور بچے سب ہی مزیدار اور تازہ کھانوں کے حصول کے لیے بے تاب تھے۔اس موقع پر ایک دلچسپ منظر دیکھنے کو ملا جب مختلف اسٹال مالکان اپنے شاندار بزنس پر خوش نظر آئے اور کچھ نے فیسٹیول میں اول آنے کی ٹرافی بھی حاصل کی۔تقریب میں روح کی غذا کا بھی اہتمام کیا گیا تھا اور مختلف فنکار اپنےفن کا مظاہرہ کررہے تھے۔ پاکستان کے مشہور گلوکار سلمان احمد کے صاحبزادے شیر جان احمد نے ’دل دل پاکستان‘ پیش کر کے لوگوں کے دل جیت لیے۔اس تقریب میں امریکہ میں فلسطین کی آواز بلند کرنے والی متحرک شخصیت اور نومسلم شان کنگ بھی شامل تھے۔شان کنگ کا کہنا تھا کہ اس خوبصورت موقع پر بھی ہم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو یاد کررہے ہیں۔تقریب کے منتظمین نے بتایا کہ اس ایونٹ کا مقصد مختلف قومیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا اور ان کی ثقافتی اور روایتی خوراک کا تبادلہ کرنا تھا۔حلال فوڈ اسپاٹ کے نمائندے نے کہا کہ یہ فیسٹیول لوگوں کو مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے اور ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جہاں لوگ ایک دوسرے کے ساتھ میل جول کر سکتے ہیں۔یہ شاندار فیسٹیول لوگوں کے لیے خوشی اور مسرت کا سبب بنا اور انہیں مختلف قومیتوں کے ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا۔