vosa.tv
Voice of South Asia!

جعفریہ کونسل یو ایس اے اور جعفریہ یوتھ نیویارک کے زیر اہتمام کوئنز میں چہلم کا جلوس

0

نیویارک(بیورو رپورٹ)نیو یارک کے علاقے کوئنز میں شہدائے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے جعفریہ کونسل یو ایس اے اور جعفریہ یوتھ نیویارک کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی جلوس برآمد ہوا،عزاداروں نے شہدائے کربلا کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔نواسہء رسول حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے نیو یارک کے علاقے کوئنز میں سالانہ مرکزی جلوس  اہنے روایتی انداز سے برآمد ہوا۔جلوس میں نوجوان مرد و خواتین،بچوں اور بوڑھوں سمیت عزادروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،جلوس کا آغاز مین اسٹریٹ اور یونین اسٹریٹ سے ہوا،ہر سال کی طرح اس بار بھی جلوس میں مقامی مساجد اور امام بارگاہوں کے عہدیداروں اور مذہبی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔مرکزی جلوس کی مجلس عزاء سے خطاب میں علماء کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا ظالم جابر اور باطل قوتوں کے سامنے ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے ،دنیا کی کوئی طاقت زکر حسین اور عزاداری کو روک نہیں سکتی۔عزداروں نے کربلاء میں آل رسول پر ڈھائے گئے مظالم پر نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے پرسہ بھی پیش کیا۔مرکزی جلوس میں شبیہہ علم بھی برآمد ہوئے،عزادار علم غازی عباس کے سائے میں ماتم کرتے اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہے۔جلوس کے شرکاء ہاتھوں میں سرخ سبز اور سیاہ علم کی  شبیہہ اٹھائے چلتے رہے ،اس موقع پر جعفریہ کونسل یو ایس اے کے روح رواں راجہ عابد حسین نمبردار کا کہنا تھا کہ ہم 29 سالوں سے یہ جلوس برآمد کررہے ہیں جو بلا تفریق ہر مظلوم کی آواز بلند کرتا ہے۔راجہ عابد حسین نے امریکی حکومت سے اپیل کی کہ غزہ میں معاملات جلد از جلد بہتر کیے جائیں جبکہ بھارتی حکومت سے کشمیر میں جاری ظلم و ستم کو فی الفور بند کرنے کی بھی اپیل کی گئی۔جلوس کے موقع پر مختلف انجمنوں کی جانب سے نذرو نیاز کی تقسیم اور سبیل کا بھی  اہتمام کیا گیا تھا،جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پُرامن طریقے سے مین اسٹریٹ،فلشنگ،کوئنز پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے اختتام پر عالم اسلام کی ترقی و استحکام اور خوشحالی کے لئے دعا کروائی گئی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.