ایس پی عامر شہزاد نوابی کی ایڈیشنل ایس پی تعیناتی پر سول سوسائٹی کی مبارکباد
آزاد کشمیر پولیس کے مایہ ناز پولیس آفیسر ایس پی عامر شہزاد نوابی کی میرپور میں بحیثیت ایڈیشنل ایس پی تعیناتی پر سول سوسائٹی کی ممتاز شخصیات راجہ اشفاق شوکت،حاجی چوہدری لطیف جمال،راجہ اشتیاق شوکت،راجہ حبیب اور دیگر نے مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی عامر شہزاد نوابی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرپور کئی پہلوؤں سے ملٹی کلچرل اور عالمی شہرت کا حامل تارکین وطن کا شہر ہے۔میرپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ایک ملین سے زائد لوگ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں آباد ہیں۔اس وقت سب سے بڑا چیلنج "یو کے” میں پروان چڑھنے والی فورتھ جنریشن کو اپنے وطن کی طرف راغب کرنا ہے۔اس حوالے سے میرپور کا سافٹ امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔منشیات اور دیگر جرائم کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے محکمہ پولیس پرعزم ہے۔میرے گھر اور دفتر کے دروازے بلاتفریق سب کیلئے کھلے ہیں۔اس شہر کو پرامن،خوبصورت،کرائم فری بنانے کیلئے سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد اپنی قیمتی تجاویز سے نوازیں۔وفد نے کہا کہ عامر شہزاد نوابی میرپور کے رہائشی ہونے کی وجہ سے، شہریوں کی ان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں،یہی وجہ ہے کہ سول سوسائٹی نے بڑے پیمانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔وہ میرپور کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ہم دعا گواہ ہیں کہ وہ اپنے گریٹ پولیس آفیسر والد مرحوم و مغفور راجہ محمد رفیق نوابی کے نام اور آذاد کشمیر پولیس کے وقار میں اضافے کا موجب بنیں گے۔