بروکلین میلے نےپاکستانی ثقافت کے رنگ بکھیر دئیے
امریکا کی نمایاں شخصیات میلے میں شریک لوگوں سے گھل مل گئیں،پاکستانی گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا
نیویارک:پاکستانی امریکن مرچنٹ ایسوسی ایشن آف کونی آئی لینڈ ایونیو کے زیر اہتمام پاکستان کے ستتر ویں یومِ آزادی کا جشن منانے کے لیے چھتیس واں سالانہ بروکلین میلہ کونی آئی لینڈ ایونیو اور ایونیو ایچ پر سجا۔جس کی ابتداء تلاوتِ کلامِ پاک سے کی گئی۔میلے میں نیویارک بھر سے پاکستانی امریکن کمیونٹی نے اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر بارگاہِ رسالت ﷺ معروف نعت خواں رانا اخلاق نے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔بروکلین میلے کے آغاز پر مرچنٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عزیز بٹ نے اپنی تنظیم کے چیئرمین جاویدخان،وائس پریذیڈنٹ پرویز اختر سمیت میلہ کمیٹی کے چیئر مین راجہ ساجد اور دیگر عہدیداران کا تعارف کروایا،مہمانوں کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا،میلے کےمرحوم بانیان کے لیے دعائے مغفرت اور بیمار افراد کی صحت یابی کی دعا کروائی۔اس موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی خصوصی طور پر شریک ہوئے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ شرکاء سےخطاب میں عامر احمد اتوزئی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو اتنی کثیر تعداد میں اکھٹا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔میری دعا اور خواہش ہے کہ ہماری کمیونٹی اسی طرح منظم اور متحد رہے ۔میلے کے انعقادمیں اشتراک کرنے والی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں نے اپنے اسٹالز لگائے،جہاں سے شرکاء کو معلومات فراہم کی گئیں۔اس موقع پر مرچنٹ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری عزیز بٹ کا کہنا تھا کہ یہ میلہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور ہم نے اس روایت کو کبھی فراموش نہیں کیا۔بروکلین میلہ کمیٹی کے چیئرمین راجہ ساجد پاکستان سے آئے ہوئے فنکاروں کے ہمراہ میلے میں شرکت کے لیے پہنچے۔پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے اور پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل جتوانے پر ارشد ندیم کے لیے انعام کا بھی اعلان کیا۔ میلے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ساجد کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنے قومی تہوار اور بزرگوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔بروکلین میلے میں دیدہ زیب ملبوسات کے اسٹالز سجے اور لذیذ پکوان کے ساتھ ساتھ بار بی کیو بھی تیار کیا گیا۔اس موقع پرنیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر انسپکٹر عدیل رانا، ضیغم عباس،بروکلین ساوتھ کے چیف اور ڈپٹی چیف کی خدمات کو سراہا اور انھیں تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔شرکاء سے خطاب میں انسپکٹر عدیل رانا اور دیگر کا کہنا تھا کہ کمیونٹی اسی طرح ایک دوسرے کو سپورٹ کرتی رہے، شہر کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔شرکاء کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔اس موقع پر نیولائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کی ڈاکٹر سلمیٰ کوثر اور راحیلہ اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے دلوں میں بستا ہے۔ایک سیاہ فام شخص نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے ساتھ فلسطین کا بھی جھنڈا لہرایا اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ایف بی آئی افسران کا کہنا تھا کہ اس وقت ڈیپارٹمنٹ میں 800 ملازمتیں دستیاب ہیں،ذہین اور قابل نوجوان اپنی قسمت ضرور آزمائیں۔اس موقع پرمعروف امریکی بزنس مین چودھری تنویر احمد کی طرف سے نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کو9 ملین ڈالر عطیہ کرنے پر ان کے بیٹے رحمان احمد کو ایوارڈ دیا گیا۔اس موقع پر نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن ایلک بروک کریسنی اور اسمبلی وون جینیفر راج کمار بھی شریک ہوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کی تہذیب و ثقافت اور روایات بہترین ہیں،شہر کی ترقی میں ان کا اہم کردار ہے۔اس موقع پر جینیفر راج کمار نے کہا ہے کہ بروکلین میلہ کمیٹی کے چیئرمین راجہ ساجد اچھے دوست ہیں،کمیونٹی کو ان پر فخر ہونا چاہیے۔بروکلین میلے میں نیویارک سٹی کے کمپٹرولر بریڈ لینڈر اور سابق کونسل مین آری کیگن بھی شریک ہوئے اور کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی ۔ شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ شہر کی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ کاروباری طبقے کو بھرپور سپورٹ کیا جائے۔نیویارک سٹی کے پبلک ایڈووکیٹ جمانی ولیمز اور ڈپٹی پبلک ایڈووکیٹ کاشف حسین بھی بروکلین میلے میں شرکت کے لیے پہنچے۔شرکاء سے خطاب میں جمانی ولیمز نے پاکستانی کمیونٹی کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی اور انھیں سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا جبکہ کاشف حسین کا کہنا تھا کہ جمانی ولیمز کی ہی کاوشوں سے کونی آئی لینڈ کا نام جناح وے میں تبدیل ہوا۔میلے میں شریک مختلف امریکی آفیشلز نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا کہ شہری جس مرضی جماعت کو سپورٹ کریں ہمارے لیے سب برابر ہیں،پاکستانی کمیونٹی اور ہمارے درمیان رشتہ ایک خاندان کی مانند ہے۔سب کو چاہیے اپنے ووٹ لازمی استعمال کریں۔بروکلین میلے میں پاکستان سے آئے ہوئے گلوکار حمیرا رشد، ملائکہ فیصل اور دیگر نے اپنی آواز کا جادو جگایا تو شرکاء خوشی سے جھوم اٹھے اور بھنگڑے ڈالے۔اس موقع پر گلوکار مظہر راہی اور انزی ڈی ایک نے بھی شرکاء کا لہو گرمایا۔پاکستان کے جشنِ آزادی پر بروکلین میلے کے انعقاد پر مرچنٹ ایسو سی ایشن، میلہ کمیٹی،کمیونٹی کی سماجی شخصیات،پولیس افسران اور امریکی آفیشلز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔