یوم آزادی پر نیویارک میں پاکستانی ثقافت کی بہترین عکاسی پیش
تقریب میں نمایاں شخصیات میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے،قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی سمیت کثیر تعداد میں کمیونٹی کے لوگ شریک ہوئے
نیویارک:نیویارک میں کوئنز بورو کےصدر ڈونووِن رچرڈز جونئیر نے اپنے دفتر میں پاکستان کے ستتر ویں یومِ آزادی کی تقریب سجائی۔پاکستانی کمیونٹی نے چاروں صوبوں کی ثقافت کی بہترین عکاسی کی،بچوں نے ٹیبلو پیش کیا اور نمایاں شخصیات نے ایوارڈز حاصل کیے۔پاکستان کے 77 ویں جشنِ آزادی کی خوشی میں نیویارک میں کوئنز بورو کے صدر ڈونوونِ رچرڈز جونیئر نے پاکستانی کمیونٹی کو اپنے دفتر میں مدعو کرلیا۔تقریب کے انتظامات کاروباری و سماجی شخصیت سعید حسن اور علی راشد نے کیے۔یومِ آزادی کے جشن کی ابتداء امریکی اور پاکستانی قومی ترانوں سے کی گئی۔تقریب کی نظامت پاکستانی امریکی صحافی عائزہ عرفان کررہی تھیں جنھوں نے مہمانوں کا تعارف کروایا اور پاکستان کے یومِ آزادی سے متعلق تاریخی پس منظر سے بھی آگاہ کیا۔
تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔شرکاء سے خطاب میں کوئنز بورو کے صدر ڈونووِن رچرڈز نے پاکستانیوں کو ستتر ویں یومِ آزادی پر مبارکباد دی اور اپنے حلقے میں کاروباری سرگرمیوں میں پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اور اس کی اہمیت وہی جانتے ہیں جنھوں نے اس کے لیے بہت قربانیاں دی ہوں۔یومِ آزادی کی تقریب میں شرکاء کو پاکستان کی تہذیب و ثقافت،رہن سہن،روایات اور معاشرتی اقدار پر مبنی ایک ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی۔شرکاء سے خطاب میں تقریب کے میزبان کاروباری و سماجی شخصیت سعید حسن اور علی راشد کووڈ19 کے دوران اپنی اپنی تنظیموں کے پلیٹ فارم سے کی گئیں سماجی سرگرمیوں کو اجاگر کیا۔ساتھ ہی یہ عہد بھی کیا کہ آئندہ سال جشنِ آزادی پر زیادہ بڑی تقریب منعقد کریں گے۔جشنِ آزادی کی تقریب میں بچوں،نوجوانوں اور خواتین و مرد سب ہی نے اپنے اپنے منفرد انداز میں ٹیبلو پیش کیے،ملی نغمے گائے اور مادر وطن سے اپنی غیر متزلزل محبت کا اظہار کیا۔تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ انھیں پاکستان سے ہجرت کیے عرصہ بیت گیا لیکن وطن کی محبت کبھی کم نہ ہوئی۔آخر میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں سائیٹیشن پیش کی گئیں۔