جشن آزادی پاکستان پر بروکلین میں سجا رنگا رنگ میلا،گلوکاروں نے شاندار پرفارمنس
میلے میں نیویارک کے پولیس کے چاک وچوبند دستوں نے مارچ کیا،پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی،امریکی آفیشل نے خوب انجوائے کیا
نیویارک:نیویارک میں پاکستان کے ستتر ویں جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے زیر اہتمام بروکلین میلا سجا۔پاکستان سے آئے ہوئے گلوکاروں نے جشن کی تقریب کو چار چاند لگادیے۔پاکستان کا 77 واں یومِ آزادی قریب آتے ہی نیویارک میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آگئی۔بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو پر علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے روحِ رواں اور معروف سماجی شخصیت طاہر بھٹہ اور میلہ کمیٹی کی کاوشوں سے سجنے والے بروکلین میلے کاآغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔بعد ازاں معروف نعت خواں اصغر چشتی نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانہ ِ عقیدت پیش کیا۔جشنِ آزادی کی تقریب میں امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے اور پڑھے گئے۔یومِ آزادی کی مناسبت سے بروکلین میلے کا آغاز ہوا تو نیویارک پولیس کے چاک و چوبند دستوں نےمارچ کیا اور اپنے روایتی انداز میں سلامی دی۔
۔بروکلین میں میلے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی جن میں خواتین و مرد،نوجوان،بچے،بوڑھے سب ہی شریک ہوئے،شرکاء نے قومی پرچم کے رنگوں سے مشابہیہ ملبوسات زیب تن کرکے مادرِ وطن سے اپنی محبت کا والہانہ اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء کو علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کی سر گرمیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے روحِ رواں ملک ناصر اعوان اور معروف سماجی شخصیت طاہر بھٹہ نے میلے میں شریک پوری کمیونٹی،مہمانوں کی آمد اور میلے کے انتظامات پر اپنی ٹیم سے اظہارِ تشکر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں شرکت نے ثابت کردیا کہ پاکستانی زندہ دل قوم ہیں۔میلے میں مشرقی تہذیب و ثقافت کی عکاسی کرتے مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے جہاں خوتین کے لیے دیدہ زیب ملبوسات جبکہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے جشنِ آزادی کی مناسبت سے سبز و سفید ٹی شرٹس بھی دستیاب تھیں۔اس موقع پر بروکلین میلہ کمیٹی کے چیئرمین چودھری مقصود الہیٰ اور وائس چیئرمین ملک محمد اکرم نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری زندگی امریکا میں گزرگئی لیکن دل پاکستان کے لیے ہی دھڑکتا ہے۔اس موقع پر بروکلین میلہ کمیٹی کے نوجوان صدر حسن ناصر اعوان اور عمر ندیم بٹ نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زندہ قوموں کی یہی پہچان ہوتی ہے کہ و ہ دنیا میں کہیں بھی رہیں اپنے قومی تہوار منانا کبھی نہیں بھولتے۔شرکاء کے شرکاء کے لیے مختلف انواع و اقسام کے پکوان،بار بی کیو کا بھی بھرپور انتظام کیا گیا تھا جن سے شرکاء خوب لطف اندوز ہوئے، اس موقع پر میلہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سجادبٹ کا کہنا تھا کوشش کریں گے کہ آئندہ سال اس میلے کی رونقوں کو مزید بڑھائیں۔اس موقع پر نیویارک میں پاکستان کے نائب قونصل جنرل عمر چیمہ،مختلف امریکی آفیشلز،این وائے پی ڈی کے مسلمان افسران بھی شریک تھے۔نائب قونصل جنرل عمر چیمہ نے شرکاء کو پاکستان کے یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ میلہ کمیونٹی کے یکجا ہونے کا گلدستہ ہے،قونصل خانہ کمیونٹی کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کے لیے کوشاں ہے۔تقریب میں شریک امریکی آفیشل نے بھی میلے کو بھرپور انجوائے کیا۔علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر اور بروکلین میلہ کمیٹی نے اپنے مہمانوں کو پھولوں کا تحفہ پیش کیا۔شرکاء سے خطاب میں امریکی آفیشلز کا کہنا تھا کہ وہ چند دہائیوں قبل وہ بھی اس ملک میں بطور ایمیگرینٹس آئے تھے،آج یہاں آکر بہت خوشی ہوئی۔بروکلین میلہ کی ٹیم کے اراکین کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا تاکہ ان کی کاوشوں کی ستائش اور حوصلہ افزائی کی جاسکے۔اس موقع پر مقررین نے علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کی کاوشوں اور کمیونٹی خدمات کو سراہا۔ان کا کہنا تھاکہ جشن آزادی کی تقریب میں اتنی بڑی تعداد میں کمیونٹی کو اکھٹا دیکھ کر یہ اطمینان ہوا کہ ہماری محنت رنگ لے آئی۔میلے میں شریک نیویارک سٹی کے ڈپٹی پبلک ایڈووکیٹ کاشف حسین بھی شریک تھے،شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری پاکستانی کمیونٹی اب سیاسی اور انتظامی شعبے میں اپنی جگہ بنارہی ہے جو خوش آئندہ او ر حوصلہ افزاء ہے۔پاکستان کا جشنِ آزادی ہو اور موسیقی کا کوئی اہتمام نہ ہو یہ تو ممکن ہی نہیں۔علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر اور بروکلین میلہ کی دعوت پر آئے ہوئے پاکستانی فوک گلوکاری ندیم عباس لونے والا،شازیہ منظور اور دیگر نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور شرکاء کا لہو گرمایا۔آخر میں مہمانوں اور میلہ کمیٹی کے اراکین کو ان خدمات کے اعتراف میں تعریفی سندبھی پیش کی گئیں۔