ایران کو شاہین تھری میزائل دینے کی رپورٹس غلط ہیں،پاک دفتر خارجہ
اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکی انتظامیہ سے آصف رضا مرچٹ کے حوالے سے رابطہ کیا ہے، ان کے جواب اور تفصیلات کے منتظر ہیں۔ پاکستان بنگلہ دیش کے حالیہ واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کی تمام رپورٹس کو مسترد کرتا ہے۔ ایران کو شاہین تھری میزائل دینے کی رپورٹس غلط ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کا دورہ کیا، او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کی، نائب وزیراعظم نے کانفرنس میں اسرائیل کے غزہ میں جرائم کو اجاگر کیا۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان نےکشمیریوں کے لیے یوم استحصال منایا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندی میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات مسترد کرتا ہے۔امریکا میں گرفتار پاکستانی شہری کے حوالے سے سوال پرجواب دیتے ہوئے کہا کہ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ہم نے اس حوالے سے امریکی بیان دیکھا ہے، امریکی انتظامیہ سے آصف مرچٹ کے حوالے سے رابطہ کیا ہے، ہم اس کیس کی امریکی انتظامیہ سے تفصیلات کے منتظر ہیں۔ بنگلہ دیش کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مثبت تعلقات ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔