سیاسی جماعتوں سے زیادہ جمہوریت فوج میں ہے،سینیٹر جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم
نیویارک(بیورو رپورٹ)مسلم لیگ ن کے سینیٹر جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کہتے ہیں کہ جتنی جمہوریت فوج میں ہے۔اتنی سیاسی جماعتوں میں بھی نہیں ہے۔سیاسی جماعتوں میں اب اختلافی بات سننے کا رجحان ہی نہیں رہا۔ وہ نیویارک میں مسلم لیگ ہاؤس میں اپنے اعزاز میں منعقدہ عشائیے سے خطاب کررہے تھے۔بروکلین کے علاقےکونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مسلم ہاؤس میں مسلم لیگ ن امریکا کے سنئیر نائب صدر میاں فیاض نے سینیٹر جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کی نیویارک آمد پر ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا،پارٹی عہدیدران سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جنرل ریٹائرڈ عبد القیوم نے کہا کہ اختلاف جمہوریت کا حُسن ہے اور سیاسی جماعتوں سے زیادہ جمہوریت فوج میں ہے،سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے ختم ہوگیا ہے۔عشائیے میں اس موقع پر مسلم لیگ ن امریکا کے صدر روحیل ڈار،سینئر رہنما راجہ رزاق اور دیگر بھی موجود تھے۔
سینیٹر عبد القیوم کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کو کبھی حکومتی مدت مکمل نہیں کرنے دی گئی،فوج کے خلاف نفرت پیدا کی جارہی ہے،نوازشریف کو مشورہ دیا تھا کہ آرمی چیف سے براہِ راست رابطہ رکھیں کسی کو ثالث بنانے کی ضرورت نہیں۔ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عبد القیوم نے مزید کہا کہ جب مشرف دور میں اسٹیل مل کا چیئرمین بنا تو ادارہ شدید مالی خسارے میں تھا،کچھ عرصے میں اسے منافع بخش بنادیا لیکن ہمارے بعد آنے والی سیاسی جماعتوں نے قومی اداروں کو چلنے نہیں دیا۔اس موقع پر ن لیگ امریکا کے صدر روحیل ڈار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سوشل میڈیا کی جماعت ہے،اس کے پروپیگنڈوں کا جواب دینے کے لیے موثر حکمتِ عملی کی ضرورت ہے،نوازشریف ہی ترقی کی علامت ہیں۔سینئر لیگی رہنما اور عشائیے کے میزبان میاں فیاض نےمطالبہ کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان پی آئی اے کی پروازیں بحال کی جائیں۔عشائیے کے دوران لیگی رہنماوں نے سینیٹر عبد القیوم سے کئی مسائل پرگفتگو کی اور اپنی اپنی تجاویز بھی پیش کیِں۔لیگی رہنماوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں توانائی کا بحران اور مہنگی بجلی کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ضرورت ہے ۔