کار چوروں نے کینیڈا کے شہر مونٹریال کو ہدف بنالیا
کینیڈین پولیس کے لیے کار چوری کی وارداتیں روکنا چیلنج بن گیا
مونٹریال:کینیڈا کے شہر مونٹریال میں کار چوری کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔امریکا سے گھومنے گئی ہوئی ایک پاکستانی نژاد فیملی بھی اپنی کار سے محروم ہوگئی۔مونٹریال پولیس کے مطابق گزشتہ سال گیارہ ہزار شہری اپنی گاڑیوں سے محروم ہوگئے تھے۔کینیڈا کا شہر مونٹریال کار چوروں کے لیے جنت بنا ہوا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر درجنوں گاڑیاں چوری ہونے کی شکایات رپورٹ ہورہی ہیں۔جس کی روک تھام پولیس کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے اور شہری خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں۔نیویارک سے پاکستانی نژاد شہری اطہر نواز اپنی فیملی کے ہمراہ سیاحت پر گئے،رات کے وقت ویسٹ منسٹر ایونیو پر کار کھڑی کی اور جب صبح گاڑی چلانے کے لیے پہنچے تو کار چوری ہوچکی تھی۔مونٹریال سی ٹی وی نیوز کے مطابق گزشتہ سال پولیس کو 11 ہزار کاریں چوری ہونے کی شکایات درج کروائی گئیں جبکہ سال دوہزار بائیس میں یہ تعداد 9 ہزار تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کار چوری کی وارداتوں میں پندرہ سے پچیس سال کی عمر کے نوجوان بھی ملوث ہیں۔کینیڈا بارڈر سروس ایجنسی کے مطابق پولیس کے ساتھ جوائنٹ آپریشن میں چوری ہوئی کاروں میں 600 سے گاڑیاں بازیاب کروائی گئی ہیں جن کی مالیت34 ملین ڈالر سے زائد ہے۔