چوہوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لئے مہم کے آغاز کا اعلان
نیویارک:نیو یارک سٹی کے میئر ایڈمز نے شہر میں چوہوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لئے این وائے سی ریٹ پیک (NYC Rat Pack)کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کے تحت مختلف اقدامات کیے جائیں گے جن میں صفائی، انفراسٹرکچر کی بہتری، اور عوامی آگاہی شامل ہے۔ نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور سٹی وائیڈ ڈائریکٹر آف روڈنٹ مٹیگیشن کیتھلین کورادی نے این وائے سی ریٹ پیک (NYC Rat Pack )مہم کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد چوہوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنا اور شہر کے باشندوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس مہم کے تحت شہر کی صفائی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔ اس میں کچرے کو بروقت اٹھانا، گلیوں کی صفائی اور عوامی جگہوں کی دیکھ بھال شامل ہے۔مہم کے دوران چوہوں کے گھروں اور پناہ گاہوں کو ختم کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کی بہتری پر زور دیا جائے گا۔ پرانی اور ٹوٹی ہوئی جگہوں کی مرمت اور صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔شہریوں کو چوہوں کی روک تھام کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا اور جدید سائنسی طریقوں اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ چوہوں کی آبادی کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کیا جا سکے۔اس کے علاوہ شہریوں کی شکایات کو بروقت حل کرنے کے لیے ایک مؤثر شکایت نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت عوام اپنی شکایات کو آسانی سے درج کروا سکیں گے اور ان پر فوری کاروائی کی جائے گی۔میئر ایڈمز نے اس مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات شہر کو چوہوں کی بیماریوں اور نقصانات سے بچانے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی تعاون کی درخواست کی تاکہ مل جل کر اس مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔