نیو یارک:ڈیلیوری ورکرز کی تنخواہ میں اضافےسے متعلق رپورٹ جاری
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف کنزیومر اینڈ ورکر پروٹیکشن کے کمشنر نے ڈیلیوری ورکرز کی تنخواہ میں اضافےسے متعلق پہلی سہ ماہی کی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ڈیلیوری ورکرز کی آمدنی میں 64 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس رپورٹ میں تھرڈ پارٹی ریسٹورنٹ ڈیلیوری ایپس کے ذریعے جمع کرائے گئے ڈیٹا کا تجزیہ شامل ہے، جو سٹی ڈیپارٹمنٹ آف کنزیومر اینڈ ورکر پروٹیکشن کے نگرانی کے حصے کے طور پر فراہم کیا گیا تھا۔ا س رپورٹ کا مقصد شہر کی کم از کم تنخواہ کی شرح کے ساتھ جانچ کرنا تھا۔رپورٹ کے مطابق ڈیلیوری ورکرز کی آمدنی میں 64 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈیلیوری ورکرز کی آمدنی پچھلے سال گیارہ اعشاریہ بہتر ڈالر فی گھنٹہ سے بڑھ کر انیس اعشاریہ چھبیس ڈالر فی گھنٹہ ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ، صارفین ایپس کے ذریعے مختلف ریسٹورنٹس سے زیادہ آرڈرز کر رہے ہیں۔اس رپورٹ کا ڈیٹا خاص طور پر 2024 کی پہلی سہ ماہی کا احاطہ کرتا ہے جب اپریل میں پہلے سالانہ اضافے سے پہلے کم از کم تنخواہ کی شرح سترہ اعشاریہ چھیانوے ڈالر فی گھنٹہ تھی۔ اس حوالے سے مئیر ایڈمز کا کہنا تھا ڈیٹا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ جب کارکن کامیاب ہوتے ہیں، نیویارک سٹی کامیاب ہوتا ہے۔میئر ایڈمز نے کہا کہ جاری کردہ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ڈیلیوری ورکرز نے کم از کم تنخواہ کی شرح کے اصول کے نفاذ کی بدولت پچھلے سال اسی وقت کے مقابلے میں 64 فیصد زیادہ کام کیا۔ ہماری انتظامیہ نیویارک کے محنت کش طبقے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہے گی۔ میں ڈیپارٹمنٹ آف کنزیومر اینڈ ورکر پروٹیکشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے ورکرز پروٹیکشن کے اس اہم قانون کو نافذ کیا اور کام کرنے والے لوگوں کو اولین ترجیح دی۔