سینٹرل اورایڈونچر لینڈ پارکس میں دو خاندان لڑ پڑے،1شخص قتل،1زخمی
مین ہٹن(ویب ڈیسک)سینٹرل پارک میں گرمی سے ستائے شہری تفریحی کے لیے آئے ہوئے تھے۔اس دوران دو خاندان کے لوگ آمنے سامنے بیٹھے گپ شپ میں مصروف تھے کہ لڑکی کو گھورنے کے معاملے پر تین مردوں میں جھگڑا شروع ہو گیا۔اس دوران لوگ بیچ بچاؤ کرانے کے لیے بھی آئے۔دو مردوں نے چاقو نکال لیا اور سامنے والے 42سالہ شخص پر وار کرنا شروع کردئیے۔متاثرہ شخص چاقو کے وار لگنے سے زخمی ہو کر گر گیا ۔جس کے بعد حملہ آور خاندان کے ساتھ بھاگ نکلے ۔لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی اور متاثرہ شخص کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی ۔ملزمان نے مقتول کے جسم پر کئی وار کیے تھے۔واقعہ 67 ویں ویسٹ ڈرائیو کے قریب پیش آیا تھا۔ علاوہ ازیں لانگ آئی لینڈ کے ایڈونچر لینڈ پارک میں بھی جھگڑے کے دوران چاقو کے وار سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ متاثرہ شخص کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔واقعہ کچھ اس طرح پیش آیا کہ پارک میں سینکڑوں لوگ تفریحی اور گرمی سے راحت حاصل کرنے کے لیے آئے ہوئے تھے ۔یہاں پر بھی دو خاندان تفریحی کے لیے موجود تھے کہ اچانک مردوں میں جھگڑا شروع ہو گیا اس دوران خاندان کے دیگر لوگ بھی لڑ پڑے ۔لاتوں مکوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال ہوا ۔اس دوران ایک حملہ آور نے چاقو سے مخالف پر وار کیے اور متاثرہ شخص زخمی ہوکر گر گیا ۔اس دوران یہ خاندان والے بھی پارک سے نکل رہے تھے کہ پولیس نے کارروائی کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ پارک کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ60سال سے زائد عرصے سے ایڈونچر لینڈ لانگ آئی لینڈ کے خاندانوں کو ایک آسان، سستی تفریحی فراہم کر رہا ہے۔پارک آنے والے لوگوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ بظاہر دو خاندانوں کا پارک میں جھگڑا ہوا ہے ۔ جس کے نتیجے میں ایک مرد چاقو کے وار سے زخمی ہوا۔ پولیس واقعہ کی جانچ پڑتال کررہی ہے۔