معروف کاروباری و سماجی شخصیت شاہد وڑائچ کے بھائی کرنل ناصر وڑائچ کے اعزاز میں عشائیہ
نیویارک(ویب ڈیسک)نیو یارک میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت شاہد وڑائچ کے بھائی کرنل ناصر وڑائچ کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں کمیونٹی کی سیاسی و سماجی شخصیات سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نیو یارک کے علاقے کوئنز کے مقامی ریسٹورنٹ میں پاکستان سے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئےپاکستانی کمیونٹی کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت شاہد وڑائچ کے بھائی کرنل ناصر وڑائچ کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، تقریب کی میزبانی کے فرائض کاروباری و سماجی شخصیت ضمیر چوہدری نے ادا کئے جبکہ ہوسٹ کمیٹی میں چودھری عثمان، چودھری عامر، مرزا خاور، چودھری عدنان اور عدیل گوندل بھی شامل تھے ۔عشائیے کے میزبان چودھری ضمیر نے تقریب میں شرکت کرنے پر مہمانوں سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان سے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے کرنل ناصر وڑائچ کا تعارف کروایا۔شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کرنل ناصر وڑائچ کے بھائی اور نیو یارک میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت شاہد وڑائچ نے بھی تقریب میں شرکت پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر کاروباری و سماجی شخصیت شاہد رانجھا نے پاکستان کے شہر منڈی بہاوالدین کے لئے شاہد وڑائچ کے فلاحی او رفاحی کاموں کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ کسطرح انھوں نے منڈی بہاؤالدین میں صاف پانی کی مہم کا آغاز کیا اور اب وہاں ایک ہزار سے زائد صاف پانی کے پلانٹس کام کر رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے کیپٹن وحید اختر نے شاہد وڑائچ کو نیو یارک میں پاکستانی کمیونٹی کا کراؤن قرار دیتے ہوئے کہا کہ منڈی بہاؤالدین کے لوگ جہاں جاتے ہیں اپنا نام بناتے ہیں اور یہ بات بہت خوش آئند ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی کرنل ناصر وڑائچ نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں رہنے والے تمام پاکستانی کمیونٹی کے طور پر ایک دوسرے کے ساتھ جس محبت و یگانگت سے رہتے ہیں یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ سب اپنے وطن کی مٹی سے آج بھی محبت رکھتے ہیں۔تقریب میں پاکستان سے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے دیگر افراد نے بھی کمیونٹی کی جانب سے اس پرتکلف اہتمام کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے آخر میں شرکاء نے کرنل ناصر وڑائچ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔بعد ازاں انواع و اقسام کے کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔