نیویارک میں500امریکی خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم
اسلامک ریلیف یو ایس اے کے تعاون سے پانچ سو سے زائد افراد میں حلال گوشت تقسیم کیا گیا،مختلف علاقوں سے آئے لوگوں نے نظم وضبط کے ساتھ قطاریں بنائی
بروکلین(ویب ڈیسک)امریکن کونسل آف منارٹی وومن نے اس سال بھی عید قرباں کی اپنی روایت کو برقرار رکھا ۔ اسلامک ریلیف یو ایس اے کے تعاون سے پانچ سو سے زائد افراد میں حلال گوشت تقسیم کردیا۔نیویارک میں بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو پر امریکن کونسل آف منارٹی وومن نے اسلامک ریلیف یو ایس اے کے زیر اہتمام سالانہ قربانی کے گوشت کی تقسیم کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک سے کیا۔شہر کے مختلف علاقوں سے نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر مذاہب اور کمیونٹی کے افراد نے صبح سویرے نظم و ضبط کے ساتھ قطاریں بنالیں۔اے سی ایم ڈبلیو کی چیئرپرسن بازہ روحی کا کہنا تھا کہ پندرہ سال قبل صرف ایک کمیونٹی نہیں بلکہ خالصتاً انسانیت کی خدمت کے لیے اس روایت کی بنیاد رکھی،خوشیاں سب کے لیے ہونی چاہیے۔قربانی کے گوشت کی تقسیم میں امریکی آفیشل بھی شریک ہوئے اور سفید پوش ضرورت مند خاندانوں میں قربانی کا حلال گوشت تقسیم کرنے میں اپنا حصہ ڈالا۔میٹ ڈسٹری بیوشن میں اے سی ایم ڈبلیو کی پوری ٹیم اور والنٹئیرز بھی پیش پیش رہے،تقسیم کے عمل سے قبل ہی گوشت کے پیکٹ تیار کیے ، شرکاء کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے منظم طریقے بلا رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے500 سے زائد خاندانوں میں قربانی کا حلال گوشت تقسیم کرکے اپنی روایت کو برقرار رکھا۔