مرحوم ٹیکسی ڈرائیور نوید افضل کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی
نیویارک(ویب ڈیسک) نیو یارک کی سماجی وکاروباری شخصیت محمد ثمر کے زیر اہتمام جامعہ محمدیہ رضویہ مسجد میں مرحوم پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نوید افضل کے لئے فنڈ ریزنگ اور قرآن و فاتحہ خوانی نےکا اہتمام کیا گیا۔نیویارک میں چند روز قبل قتل ہوجانیوالے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نوید افضل کے ایصال ثواب کے لئے بروکلین میں قائم جامعہ محمدیہ رضویہ مسجد میں سماجی وکاروباری شخصیت محمد ثمر کے زیر اہتمام قرآن و فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا،اس موقع پر قرآن خوانی کے علاوہ بارگاہ رسالت میں گلہائے رسالت بھی پیش کئے گئے۔دعائیہ تقریب میں موجود شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے مولانا نے اپنے بیان میں دین اسلام میں یتیموں کے حقوق اور ان کی کفالت کے بارے میں نبیؐ کی تعلیمات سے دلوں کو منور کیا۔اس موقع پر نیو یارک کی سماجی وکاروباری شخصیت محمد ثمر نے مرحوم نوید افضل کی شخصیت کےبارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ انسان دوست اور دلی ہمدردی رکھنے والے انسان تھے،جو اپنے خاندان کی کفالت کے لئے امریکہ آئے تھے لیکن چند بے رحم لوگوں نے انہیں زندگی سے محروم کر دیا،اس موقع پر نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے نویدافضل کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس واقعے کی مکمل تحقیات جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملزمان کو جلد از جلد پکڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔بعد ازاں مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی و دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر مرحوم نوید افضل کے اہلخانہ کی مدد کے لئے فنڈریزنگ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں شرکاء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔