مئیر نیو یارک ایرک ایڈمز نے عوامی تحفظ کو اولین ترجیح قرار دے دیا
نیو یارک سٹی کے میئرایرک ایڈمز نے عوامی تحفظ، معیشت کی تعمیر نو، اور ایک بہترین قابل رہائش شہر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ان کوششوں کے بارے میں نیویارک والوں کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے، میئر نے سٹی ہال میں سینئر قیادت کو ایک بار پھر بلایا تاکہ شہریوں کے سوالات کا جواب دیا جا سکے۔اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں میئر ایڈمز نے شہری حکومت کے اقدامات اور ترجیحات بتاتے ہوئے عوامی تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ جرائم کےخاتمے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، پولیس فورس کی تربیت اور وسائل میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ شہر میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔معیشت کی تعمیر نو کے حوالے سے مئیر نےکہا کہ وبائی مرض COVID-19 کے بعد معیشت کی بحالی کے لیے مختلف منصوبے متعارف کروائے گئے ہیں۔کاروباری افراد اور چھوٹے کاروباروں کی مدد کے لیے اضافی فنڈز اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔مئیر نے کہاکہ شہر کو مزید قابل رہائش بنانے کے لیے انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جا رہی ہے۔صاف پانی، بہتر سڑکیں، اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔جبکہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہر کی فضا اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔مئیر نے دوران پریس کانفرنس مختلف سوالات کے جوابات بھی دئیے ، مسائل کو سنا اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔میئر نے کہا کہ یہ پریس کانفرنسز شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے منعقد کی جاتی ہیں تاکہ شہری حکومتی کاموں کے بارے میں باخبر رہ سکیں۔ایسی میٹنگز شہریوں کا حکومتی اقدامات پر اعتماد بڑھاتی ہیں۔