مسلم لیگ ن نے نیویارک میں یوم تکبیر جوش وجذبے سے منایا
پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے 26برس مکمل ہونے پر نیویارک میں بھی یوم تکبیر بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا ۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔عالمی اُفق پر پاکستان کے ایٹمی قوت اُبھر کر سامنے آنے کے 26 برس مکمل ہونے پر نیویارک میں بھی یومِ تکبیر بھرپور انداز میں منایا گیا۔ مسلم لیگ ن کے زیرِ اہتمام یومِ تکبیر کی سادہ مگر پُر وقار تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز تلاوتِ کلا م پاک سے ہوا ۔تقریب میں لیگی کارکنان کے علاوہ پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و مردوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر بارگاہِ رسالت میں نعت بطور ہدیہ پیش کی گئی۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن امریکا کے صدر روحیل ڈار اور نائب صدر میاں فیاض کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام شروع کیا، ڈاکٹر عبد القدیر خان کی کوششوں سے پروگرام کو دنیا سے مخفی رکھ کر مکمل کیا اور نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود پر ایٹمی تجربات کر دکھائے۔تقریب میں مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت، عہدیداران اور کارکنان کی کثیر تعداد شریک تھی۔مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بیرونی قرضوں پر انحصار کم سے کم کرنا چاہیے،اوورسیز میں کوئی سیاسی تقسیم نہیں،ہم سب پاکستانی ہیں،پاکستان ہی ہماری حقیقی پہچان ہے۔تقریب کے شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو پاکستان سے روشناس کروانا اور یہ احساس دلوانا ضروری ہے کہ پاکستان سے ان کا خون کا رشتہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہوسکتا،نواز شریف کے جرات مندانہ فیصلے کی بدولت پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک اُبھر کر سامنے آیا۔تقریب کے اختتام سے قبل یومِ تکبیر کی مناسبت سے شرکاء نے مل کر کیک کاٹا اور نعرہ تکبیر بھی بلند کیے ۔آخر میں پاکستا ن کی ترقی و خوشحالی، استحکام کے ساتھ ساتھ شہدائے پاکستان کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کروائی گئی۔
