سفک کاونٹی شیرف ایرول ٹولن کی مسجد دارالقرآن آمد
ایرول ٹولن نے ٹیم کے ہمراہ مسلم کمیونٹی کے ساتھ افطار کیا اورکہا کہ شیرف کا دفتر مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہے
نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں واقع مسجد دارلقرآن میں سفک کاونٹی کے شیرف اپنی ٹیم کے ہمراہ افطار کرنے پہنچ گئے،افطار کی میزبانی شیرف ایرول ٹولن نے کی۔اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہر سال کی طرح اس سال بھی سفک کاونٹی کے شیر ف ایرول ٹولن جونئیر اپنے اسٹاف کے ہمراہ رمضان المبارک کو ایک خاص انداز میں منانے کے لئے لانگ آئی لینڈ کے علاقے میں واقع مسجد دارلقرآن پہنچ گئے۔کمیونٹی کی سماجی شخصیت راجہ حسن نے دیگر معززین کے ہمراہ شیرف اور انکی ٹیم کا استقبال کیا۔شیرف سفک کاونٹی نہ صرف مسلم کمیونٹی کے لئے افطار فوڈ لے کر آئے بلکہ انکے ساتھ افطار بھی کیا۔شیرف کی جانب سے افطار کے لئے مختلف اقسام کے کھانے پیش کئے گئے۔اس موقع پر وائس آف ساوتھ ایشیاء سے گفتگو کرتے ہوئے شیر ف ایرول ٹولن کا کہنا تھا کہ ہمارے اس ایونٹ کا مقصد سفک کاؤنٹی کےشیرف آفس اورسفک کاؤنٹی کے 1.5 ملین باشندوں کی جانب سے رمضان کی مبارکباد دینا تھا۔ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خاص طور پر شیرف کا دفتر مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہے۔کمیونٹی کی سماجی شخصیت راجہ حسن نے بتایا کہ شیرف کے دفترکی جانب سے یہ اقدام گزشتہ کچھ سالوں سے مسلسل جاری ہے جس سے کمیونٹی کو یہ پیغام ملتا ہے کہ شیرف آفس ہر پریشانی یا مشکل میں ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سفک کاؤنٹی شیرف آفس کےاس احساس کے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اسی طرح ہماری کمیونٹی کی حمایت جاری رکھیں گے۔افطار کے بعد شیرف مسلم کمیونٹی کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئے انکے ساتھ تصاویر بنوائیں اور کمیونٹی کے لوگوں سے ملاقات میں انکے مسائل پوچھے اور انھیں یقین دہانی بھی کروائی کہ ہم ہمیشہ آپکے مسائل حل کریں گے۔