نیویارک:پولیس ہیڈکوارٹرز میں پہلی بار پاکستانی ثقافت کا دن منایا گیا
میئر نیویارک کی ایم او ایس کے صدر عدیل رانا کو جلد انسپکٹر کا عہد ملنے کی یقین دہانی
نیویارک پولیس کے ہیڈ کوارٹرز ون پولیس پلازہ میں پہلی بار پاکستان ہیریٹج ڈے منایا گیا۔تلاوتِ کلامِ پاک سے تقریب کی ابتدائی ہوئی۔بارگاہِ رسالت ﷺمیں نعت بطور ہدیہ پیش کی گئی۔امریکا اور پاکستا ن کے قومی ترانے پڑھے گئے ۔پاکستانی نژاد شہید پولیس افسر عدید فیاض کو خراجِ عقید ت پیش کیا گیا۔ تقریب میں پولیس کمشنر ایڈورڈ کبان، پولیس چیف جیفری سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔اس موقع پر میئر ایرک ایڈمز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک پولیس میں پاکستانیوں کی تعداد کافی زیادہ ہے، مسلم آفیسر سوسائٹی ( ایم او ایس ) کے صدر عدیل رانا ایماندار اور محنتی افسر ہیں اور ان کا مستقبل بہت روشن و تابناک ہے، کمیونٹی کو یقین دلواتا ہوں کہ جلد عدیل رانا کو ڈپٹی انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی ملے گی۔پاکستانی ثقافتی ورثے کی مناسبت سے آڈیٹوریم میں مہمانوں کی میزیں، لائٹیں اور آرائشی اشیاء بھی پاکستانی پرچم کے رنگ سبز اور سفید سے مزین تھی۔شرکاء سے خطاب میں سفیر ِپاکستان مسعود خان اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستانی قومی ثقافتی ورثے کی قرارداداور اسے کا دن منانے پر مبارکباد دی ۔تقریب میں قوالی کی محفل بھی ہوئی ۔قوال اورا ن کے ہمنواوں نے مشہور و معروف کلام تاجدارِ حرم پیش کرکے سماع باندھ دیا۔ بعد ازاں تقریب کے اختتام سے قبل پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اے پیگ کے صدر علی رشید،سوئیٹنیس ریسٹورانٹ کے مالک اویس بٹ اور دیگر کو ان کیخدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔