بیرسٹر گوہر دوسری مرتبہ پی ٹی آئی کے چئیرمین منتخب
رہنما پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر دوسری مرتبہ پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔پی ٹی آئی کے ترجمان اور وفاقی الیکشن کمشنر رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بیرسٹر گوہر بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ 3 مارچ کو نئے انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین کے لیے نامزد کیا تھا۔اس اعلان کے کچھ عرصے بعد پارٹی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ بیرسٹر علی طفر نے یہ عہدے لینے سے منع کردیا تھا جس کے بعد عمران خان نے بیرسٹر گوہر کو نامزد کیا۔آج پریس کانفرنس میں رؤف حسن نے اعلان کیا کہ بیرسٹر گوہر بلامقابلہ چیئرمین کا عہدہ جیت گئے ہیں کیونکہ ان کے مدمقابل کوئی اور امیدوار نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس عہدے کے لیے اشرف جبار، عمر ایوب، نوید انجم خان اور بیرسٹر گوہر کی جانب سے چار درخواستیں آئی تھیں جن میں سے تین درخواستیں منظور کی گئیں جبکہ نوید انجم کی درخواست مسترد کر دی گئی۔حسن رؤف نے کہا کہ نوید انجم کی درخواست اس لیے مسترد کر دی گئی کیونکہ انہوں نے 8 فروری کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کے خلاف مقابلہ کیا تھا، جس کے بعد 11 فروری کو ان کی پارٹی رکنیت منسوخ کر دی گئی تھی۔