پاکستان: عام انتخابات میں شکست پر 2 جماعتوں کے سربراہ مستعفی
سراج الحق نے جماعتِ اسلامی کی امارت جبکہ جہانگیر ترین نے استحکامِ پاکستان پارٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیا اور سیاست بھی چھوڑدی
ویب ڈیسک: پاکستان کے عام انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم مقابلے میں شکست میں 2 جماعتوں کے سربراہان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں ۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسراج الحق نے امارت کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔اپنے مختصر اعلان میں انہوں نے کہا کہ بھرپو کوشش اور محنت کے باوجود انتخابات میں مطلوبہ کامیابی نہیں دلاسکا انتخابات میں ناکامی کوقبول کرکے استعفیٰ دیتا ہوں۔جماعت اسلامی نے شوریٰ کا اجلاس 17 فروری کو منصورہ میں طلب کر لیا ہے۔ شوریٰ کے اجلاس میں میں استعفےکے بعدکی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔جماعت اسلامی کے نئے امیر کیلئے انتخابی مراحل 31مارچ تک مکمل کئےجائیں گے۔ جماعت اسلامی کےنئے امیر کیلئے لیاقت بلوچ ،سراج الحق، حافظ نعیم کا نام تجویز کیا گیا ہے۔اس وقت امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری مدت امارت مکمل کررہے تھے۔امیر جماعت کے انتخاب کے تمام مراحل 31 مارچ2024 تک مکمل کیے جائیں گے جبکہ ماہ اپریل میں صدر الیکشن کمیشن راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے جس کے بعد نو منتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان کسی تقریب میں حلف امارت لیں گے۔دوسری طرف جہانگیر ترین نے استحکام پاکستان پارٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دےدیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور اپنے مخالفین کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ میں پاکستانی عوام کی مرضی کا بے پناہ احترام کرتا ہوں۔ اس لیے میں نے آئی پی پی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں آئی پی پی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویزخٹک کی بھی سیاست سے کنارہ کشی کی خبرآئی تھی جس کی انھوں نے تردید کردی ۔اس سے قبل پرویز خٹک کی سیاست سے علیحدگی کی خبر سامنے آئی تھی تاہم اب انہوں نے اس کی تردید کردی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ میری سیاست چھوڑنے کی زیرگردش خبریں غلط ہیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ سیاست چھوڑ رہا ہوں، نہ ہی اپنی پارٹی کا عہدہ چھوڑونگا، کچھ وقت کے لئے آرام کرنا چاہتا ہوں۔