بھارت:نشے میں اسکول پہنچنے والے استاد کو معطل کردیا گیا
بھارت میں ٹیچر نشے میں دھت ہوکر اسکول پہنچ گیا، بچوں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور میں سرکاری اسکول ٹیچر کو اسکول کے احاطے میں مبینہ طور پر نشے میں دھت ہونے پر حکام نے معطل کردیا۔ٹیچر کی شناخت راجندر نیتم کے نام سے ہوئی ہے جو نشے کی حالت میں اسکول پہنچا تو طلبا نے اس کی ویڈیو بنالی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں پرائمری اسکول کے ٹیچر نیتم کو نشے میں دھت ہوکر ادھر ادھر گرتے دیکھا جاسکتا ہے جسے دیکھ کر طلبا بھی حیران رہ گئے۔عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ نیتم اس قدر نشے میں تھا کہ وہ مغلظات بک رہا تھا اور کھڑے ہونے کے قابل بھی نہیں تھا، جب ویڈیو بنائی گئی وہ تقریباً بیہوش تھا۔۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلعی حکام اور محکمہ تعلیم نے نوٹس لیتے ہوئے نیتم کو معطل کردیا۔