انڈین فلم فائٹر شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام
بالی ووڈ کے معروف اداکار رتیک روشن اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی پاکستان مخالف فلم ’فائٹر‘ فلاپ ہوگئی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی پاکستان مخالف بھارتی فلم ’فائٹر‘ نے ابتدائی دنوں میں شاندار بزنس کیا لیکن آہستہ آہستہ فلم کی باکس آفس پر حکمرانی کمزور ہوگئی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ فلم’فائٹر‘ ریلیز کے پانچویں دن فلاپ ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق، فلم ریلیز کے چوتھے دن 200 کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی تھی لیکن پانچویں دن فلم کے بزنس میں 70 سے 80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد فلم کو فلاپ قرار دے دیا گیا۔بھارتی فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان مخالف مواد ہونے کے باوجود بھی یہ فلم شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب مبذول کرنے میں ناکام رہی۔واضح رہے کہ اس فلم کی کہانی میں 14 فروری 2019ء کے پلوامہ حملے سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے جس میں بھارتی اداکار رتیک روشن اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون بھارتی فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں اسکرین پر جلوہ گر ہوئے ہیں۔