نواز شریف وزیراعظم بنے تو وہ انتقام لیں گے، بلاول
چنیوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ووٹ سے چوتھی بار وزیر اعظم بنے کی سازش کو ناکام بنا دیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں ان کو جانتا ہوں ان کے دل میں نفرت اور بغض ہے، اگر نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنے تو انتقام لیں گے ۔ نوازشریف کا پہلا اور دوسرا دور کسی آمریت سے کم نہیں تھا۔ پیپلز پارٹی نے کبھی انتقام کی سیاست نہیں کی، بینظیر بھٹو انتقام لینے کی بجائے غریب عوام کے مسائل حل کرنا چاہتی تھیں، بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ آصف زرداری جب ملک کے صدر بنے تو کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور کا ظلم برداشت کیا، جیالوں نے آمر ضیاء کا ظلم برداشت کیا، نواز شریف کے پہلے اور دوسرے دور کا ظلم برداشت کیا جو آمر کے دور سے کم نہیں تھا۔ مقابلہ تیر اور شیر کے درمیان ہے، اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کی سازش ناکام بنا سکتے ہو۔ بار بار آنے والوں کے بجائے اب نئے چہروں کو موقع دیں۔ پاکستان تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے، بےروزگاری، غربت بڑھتی جارہی ہے ایسے حالات تاریخ میں نہیں دیکھے، ایک طرف معاشی بحران ہے دوسری طرف معاشرے میں بحران پیدا کیا گیا ہے۔ پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں، اس نفرت اور تقسیم کی سیاست سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک نئی سوچ اور سیاست لانی ہوگی، آپ سے یہ نہیں کہتا کہ میرے مخالف کو برا بھلا کہیں، آپ سے یہ نہیں کہتا کہ نفرت و تقسیم کی سیاست کریں، آپ اپنے منشور اور نظریے پر سیاست کریں۔