رائیڈ کینسل کرنے پر رکشہ ڈرائیور نے خاتون پر حملہ کردیا
بنگلورو کے علاقے وائٹ فیلڈ میں رائیڈ کینسل کرنے پر رکشہ ڈرائیور نے مبینہ طور پر خاتون پر حملہ کردیا۔ پولیس نے حملہ کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔خاتون نے ہفت وائٹ فیلڈ کے ڈبراہلی علاقے سے رکشہ بک کروایا اور ڈرائیور کے پہنچنے پر رائیڈ کو منسوخ کردیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رکشہ ڈرائیور اور خاتون کے درمیان بحث چل رہی ہے، اسی دوران رکشہ ڈرائیور خاتون کو دھکا دیتا ہے جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گر جاتی ہیں۔خاتون کے گرنے کے بعد رکشہ ڈرائیور وہاں سے فرار ہوجاتا ہے۔ متاثرہ خاتون نے واقعہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور پولیس کو اس واقعے کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔