عمران خان کے لیے مشکلات بڑھ گئیں
سابق وزیر اعظم کے لیے مشکلات بڑھ گئیں ۔سائفر کیس میں پانچ گواہان کے بیانات قلمبند ہوئے ،سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے انہیں سائفر معاملے پر عوام کو اعتماد میں لینے کا کہا، بنی گالہ میٹنگ میں فیصلہ ہوا کہ سائفر معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے۔سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی تو ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔دوران کارروائی پانچ گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے،جن میں اعظم خان، انیس الرحمن، جاوید اقبال، محمد اشفاق اور ہدایت اللہ شامل تھے۔ دوران سماعت اعظم خان نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے سائفر معاملے پر عوام کو اعتماد میں لینے کا کہا، سائفر کی کاپی وزیر اعظم نے اپنے پاس رکھ لی جو کہ بعد میں نہ ملی.اعظم خان نے مزید بتایا کہ سابق وزیراعظم نے کہا امریکی حکام نے سائفر بھیج کر پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں فیصلہ ہوا کہ متعلقہ ملک کو اندرونی معاملہ میں مداخلت پر ڈی مارش جاری کیاجائے، ان کے چارج چھوڑنے تک سائفر کی کاپی واپس نہیں بھجوائی گئی، جبکہ انہوں نے سائفر کی کاپی واپس نہ بھجوانے پر پی ایم، ایم ایس اور سٹاف کومتعدد بارآگاہ کیا۔دوران سماعت شاہ محمود قریشی کی شکایت پر جج نے ذوالفقار عباس نقوی کو خاموش رہنے کی ہدایت کی ، جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی آئندہ سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔