روس اور ایران میں اہم معاہدے کا امکان، امریکا اور اسرائیل کو تشویش
روس نے اعلان کیا ہے کہ عنقریب ایران کے ساتھ اس کا ایک بین الریاستی معاہدہ ہونے والا ہے جس پر اتفاق رائے آخری مراحل میں ہے۔روسی وزارت خارجہ نے بتایا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن اور ان کے ایرانی ہم منصب ابراہیم رائیسی بہت جلد بین الریاستی معاہدے پر دستخط کرنے والے ہیں۔ولادیمیر پیوٹن نے گزشتہ ماہ اس پر تقریباً پانچ گھنٹے ابراہیم رائیسی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ یہ سب ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تجاری، فوجی اور سیاسی تعلقات بڑھ رہے ہیں جس پر امریکا اور اسرائیل کو تشویش ہے۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اپنے بیان میں بتایا کہ نیا معاہدہ روس اور ایران کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کے بعد عالمی منظر نامہ تبدیل ہوگیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں غیر معمولی بہتری آ رہی ہے۔ترجمان کے مطابق معاہدے پر دستخط دونوں صدور کے درمیان آئندہ ہونے والے رابطوں کے دوران متوقع ہے۔