میٹرک کی طالبہ نے فون استعمال کرنے سے روکنے پر خودکشی کرلی
بھارتی ریاست راجستھان کے شہر کوٹا میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں میٹرک کی 15 سالہ طالبہ نے والد کی جانب سے موبائل فون پر کھیلنے سے ڈانٹنے پر پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔والد کی جانب سے موبائل فون استعمال کرنے سے روکنے پر 15 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔لڑکی کی شناخت کرپانشی کے نام سے ہوئی ہے۔ایس ایچ او جتیندر سنگھ نے بتایا کہ جب والد نے کرپانشی کو فون پر کھیلنے سے ڈانٹا اور اسے اپنی پڑھائی میں مزید وقت دینے کو کہا تو اس نے خود کو کمرے میں بند کرکے خودکشی کرلی۔پولیس نے بتایا کہ لڑکی کی لاش کو دیکھ کر اس کی دادی بیہوش ہوگئیں۔پولیس کے مطابق رات 8 بجے کے قریب گھر والوں نے کھانے کے لیے کرپانشی کو بلایا لیکن کوئی جواب نہیں ملا، جب دروازہ توڑا گیا تو لڑکی کی لاش موجود تھی۔ لڑکی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں سے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس کا بتانا ہے کہ لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے اور سی آر پی سی کی دفعہ 174 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔