امریکہ تائیوان کی آزادی کی حمایت نہیں کرتا،جو بائیڈن
امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ہم تائیوان کی آزادی کی حمایت نہیں کرتے۔ جوبائیڈن کا یہ بیان تائیوان کے ووٹروں کی جانب سے چین کو مسترد کیے جانے اور حکمراں جماعت کو تیسری صدارتی مدت کیلئے منتخب کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن سے انتخابات کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم آزادی کی حمایت نہیں کرتے۔تائیوان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بیجنگ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابی نتائج کا احترام کریں، حقیقت کا سامنا کریں اور تائیوان پر دباؤ ڈالنا چھوڑ دیں۔اُدھر صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی طرف سے بھیجا گیا ایک غیر سرکاری امریکی وفد اتوار کو تائی پے پہنچے گا۔امریکی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا کہ وفد جس میں امریکہ کے ایک سابق قومی سلامتی کے مشیر اور سابق نائب وزیر خارجہ شامل ہیں، پیر کو متعدد اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات کرے گا۔چین نے اتوار کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ایک بیان کی مذمت کی جس میں لائی چنگ کو جیت پر مبارکباد دی گئی تھی۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم اس کی پُر زور مذمت اور سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔