کانگریس کے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے لوگو کا اجرا
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے پارٹی کے دہلی واقع صدر دفتر پر بھارت جوڑو نیائے یاترا کا لوگو متعارف کرا دیا۔ انہوں نے اطلاع دی کہ راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی لیڈران 14 جنوری سےبھارت جوڑو نیائے یاترا کا آغاز کر رہے ہیں۔یاترا سے جڑنے کیلئے اپوزیشن اتحاد انڈیاکے لیڈران، کانگریس کی حلیف جماعتوں اور سول سوسائٹی کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ بھارت جوڑو نیائے یاتراکے تعلق سے راہل گاندھی نے کہاکہ ہم پھر تشریف لا رہے ہیں، اپنوں کے درمیان، ناانصافی اور تکبر کے خلاف نیائے کی للکار لے کر۔ سچائی کی اس راہ پر میں حلف لیتا ہوں کہ یاترا جاری رہے گی، انصاف کا حق حاصل ہونے تک۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ 14 جنوری سے منی پور سے ممبئی تک بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کی جا رہی ہے۔ اس دوران بھارت جوڑو نیائے یاترا کے ذریعہ ہم عوام سے منسلک مسائل پر بات کریں گے۔کانگریس صدر نے کہا کہ ہم نے بھارت جوڑو نیائے یاتراسے جڑنے کے لیے انڈیا اتحاد کے لیڈران، مختلف ریاستوں میں کانگریس کی حلیف جماعتوں اور سول سوسائٹی کو مدعو کیا ہے۔ یاترا کے دوران ان تمام لوگوں سے ملاقات ہوگی اور تبادلہ خیال کیا جائے گا۔