یو اے ای: پاکستانی شہری کا’’ 40 لاکھ ڈالر‘‘کا انعام نکل آیا
یو اے ای میں مقیم ایک خوش قسمت پاکستانی شہری کا لاٹری میں 40 لاکھ ڈالر کا انعام نکل آیا، محمد انعام گزشتہ دو سال سے قسمت آزمائی کر رہا تھا تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اس کی لاٹری نکل آئی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’امارات ڈرا‘ نامی ہینڈل سے اعلان کیا گیا ہے کہ صرف 15 درھم کا ٹکٹ خریدنے والے محمد انعام نے ایک کروڑ 50 لاکھ درہم جیت لیے ہیں۔ محمد انعام نامی پاکستانی ایک اماراتی کمپنی میں آڈیٹر کے طور پر کام کرتے ہیں۔ جب انہیں اس بھاری انعام کے نکلنے کی اطلاع فون پر دی گئی تو انھوں نے اسے مذاق سمجھا اور فون بند کر دیا۔ تاہم بعد میں انہیں رابطہ کر کے یقین دلایا گیا۔محمد انعام نے اس انعام کے اعلان کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ حج کے لیے جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اس طرح کی انعامی سکیموں اور لکی ڈراز کی میزبانی کرتا رہتا ہے۔ ان میں سے اکثر میں بڑے انعامات لوگوں کے نام نکلتے ہیں۔ جن میں کیش کی بڑی بڑی رقمیں، پرتعیش گاڑیاں، ریئل اسٹیٹ سے متعلق جائیدادیں اور سونا بھی شامل ہوتا ہے۔