بنگلہ دیش میں ایڈز سے ریکارڈ اموات
بنگلہ دیش میں اس سال ایڈز سے 266 اموات اور 1,276 انفیکشن ریکارڈ کیے گئے، جو 1989 میں پہلے مریض کا پتہ چلنے کے بعد سے ریکارڈ پر سب سے زیادہ ہیں۔اس سال متاثرہ افراد میں سے 1,118 بنگلہ دیشی شہری ہیں اور 158 روہنگیا کے شہری ہیں جو کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپوں میں مقیم ہیں۔نیشنل کینسر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ہسپتال کے آڈیٹوریم میں ایڈز ڈے کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں نیشنل تپ دق، جذام اور ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محفوظ الرحمن سرکار نے رپورٹ پیش کی۔انہوں نے کہا کہ 2022 میں ملک بھر میں کل 947 مریضوں کی شناخت کی گئی جن میں سے 232 اموات ہوئی تھیں۔بنگلہ دیش میں ایڈز کے پہلے مریض کی شناخت 1989 میں ہوئی تھی۔ تب سے اب تک 10,984 مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے، جن میں سے 2,086 اموات ہوئیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (DGHS) کا اندازہ ہے کہ بنگلہ دیش میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 15,000 سے زیادہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال ڈھاکہ میں متاثرہ بنگلہ دیشی شہریوں میں سب سے زیادہ 342 مریضوں کی شناخت کی گئی۔ دیگر علاقوں میں 246 کے ساتھ چٹاگانگ، 175 کے ساتھ راجشاہی، 141 کے ساتھ کھلنا، 79 کے ساتھ باریسل، 61 کے ساتھ سلہٹ، 40 کے ساتھ میمن سنگھ اور 34 کے ساتھ رنگ پور شامل ہیں۔ ان میں 850 مرد، 278 خواتین، اور نو خواجہ سرا ہیں۔