شیر گاؤں میں داخل ہونے سے شہری چھتوں پر چڑھ گئے
شیر ایک ایسا خونخوار جنگلی جانور ہے جو اگر سخت سردی میں بھی کسی انسان کے سامنے آ جائے تو وہ مارے خوف کے پسینہ پسینہ ہو جائے لیکن بھارت کے ایک گاؤں میں یہ جنگلی جانور داخل ہوا تو لوگ اسے دیکھنے کے لیے اپنے گھروں کی چھتوں پر جمع ہو گئے۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور اس پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ یہ واقعہ اتر پردیش کے پیلی بھیت ضلع کے اٹکونا گاؤں میں پیش آیا جہاں جنگل سے بھٹک کر ایک شیر داخل ہوگیا وہ ایک گوردوارے کی عمارت کی دیوار پر پہنچا۔اپنے درمیان خونخوار جنگلی جانور کو دیکھ کر گاؤں کے رہائشی پریشان تو ہوئے لیکن ایک بڑی تعداد اسے دیکھنے کے لیے اپنے گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئی جب کہ کچھ نوجوان منچلے گھروں سے باہر بھی آ گئے اور اپنے موبائل کیمروں سے اس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں۔تاہم شیر نے اپنی روایتی خونخواری کے بجائے گوردوارے کی عمارت کی دیوار پر چہل قدمی کی اور پھر آرام سے دیوار پر بیٹھ گیا۔اس سے قبل کہ شیر اور انسانوں کے درمیان کوئی خوفناک آنکھ مچولی ہوتی محکمہ جنگلات کی ٹیم وہاں آن پہنچی اور شیر کو بڑی مشکل سے پکڑ کر واپس اس کے اصل مقام کی جانب لے گئی۔