آئمہ بیگ نے چوری کرکے گانا گایا۔ شیراز اپل
پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و موسیقار شیراز اپل نے کہا ہے کہ آئمہ بیگ نے پہلے اُن کا گانا چوری کیا اور پھر اُن پر ہی چوری کا الزام لگا دیا۔رواں سال جولائی میں آئمہ بیگ کا گانا فنکاری ریلیز ہوا تھا جسے مداحوں کی جانب سے خوب مقبولیت ملی تھی، اس گانے سے متعلق گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے یہ گانا نغمہ نگار مرحوم شکیل سہیل کے ساتھ ملکر لکھا تھا تاہم شیراز اپل نے اس بیان کو جھوٹا قرار دے دیا ۔شیراز اپل نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ شکیل سہیل کا اس گانے کو لکھے جانے سے چھ ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا، فنکاری مکمل طور پر انہوں نے لکھا، کمپوز کیا اور پروڈیوس کیا۔ آئمہ بیگ نے ابتدائی طور پر شیراز اپل کے الزام کو مسترد کردیا تھا لیکن بعد میں گلوکارہ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ فنکاری کی شاعری انہوں نے نہیں لکھی تھی۔اب حال ہی میں شیراز اپل نے ایک بار پھر گانافنکاری کے معاملے پر بات کی، گلوکار نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئمہ بیگ نے میرا گانا چوری کرکےمیرے ہی اوپر چوری کا الزام لگاکر فنکاری کی۔