ڈونلڈ ٹرمپ کیپیٹل ہل حملہ کیس میں قصور وار قرار،صدارت کے عہدے سے نااہل
امریکی ریاست کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جنوری 2021 میں کیپیٹل ہل پر حملے میں ملوث ہونے کی وجہ سے امریکی صدارت کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف امریکی سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔یہ عدالتی حکم جو صرف کولوراڈو پرائمری بیلٹ پر لاگو ہوتا ہے، امریکی آئین کی 14ویں ترمیم کے کامیابی سے نفاذ کے لیے ملک بھر میں متعدد قانونی اقدامات میں سے پہلا قدم ہے، جس کے تحت بغاوت میں ملوث کسی شخص کو عوامی عہدے کے لیے نا اہل قرار دیا جاتا ہے۔کولوراڈو کی عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ عدالت کی اکثریت کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ کو ریاست ہائے متحدہ کے آئین کی 14ویں ترمیم کے سیکشن تین کے تحت صدر کے عہدے کے لیے نااہل قرار دیا جاتا ہے۔مزید کہا گیا کہ چونکہ ٹرمپ کو نااہل قرار دیا گیا ہے، لہذا کولوراڈو سیکرٹری آف سٹیٹ کے انتخابی ضابطے کے تحت انہیں صدارتی پرائمری بیلٹ پر امیدوار کے طور پر درج کرنا ایک غلط عمل ہوگا۔تین۔ چار کی اکثریت سے دیے گئے اس فیصلے میں مزید لکھا گیا کہ ہم ان نتائج پر سرسری طور پر نہیں پہنچے۔ سوالات کی شدت اور ان کا دباؤ ہمارے ذہن میں ہے۔ اسی طرح کسی خوف اور حمایت کے بغیر اور اپنے فیصلوں پر عوامی ردعمل سے متاثر ہوئے بغیر قانون کو لاگو کرنے کے لیے فرض شناسی بھی ہمارے ذہن میں ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ چار جنوری 2024 تک اس فیصلے کے خلاف امریکی سپریم کورٹ میں اپیل کرسکتے ہیں۔