vosa.tv
Voice of South Asia!

سکھ دیو سنگھ گوگا میڈی سدھو موسے والا کاقریبی تھا اسلئے اس کا قتل کیا

0

تازہ فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیاگیا ہے کہ گوگا میڈی سدھو موسے والا کاقریبی تھا اسلئے اس کا قتل کیاگیا۔ راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے قومی صدر سکھ دیو سنگھ گوگامیڈی قتل کیس میں لارینس بشنوئی گینگ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ لارینس بشنوئی گینگ سے وابستہ روہت گودارا پہلے ہی اس قتل کی ذمہ داری قبول کر چکا ہے۔ اب اس تازہ فیس بک پوسٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مقتول سکھ دیو سنگھ سدھو موسے والا کا قریبی تھا، اس لئے اس کا قتل کیا گیا۔ بتایا گیا کہ سکھ دیو کا قتل بدلہ لینے کیلئے کیا گیا۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کس بات کا انتقام لینے کیلئے اس واردات کو انجام دیا گیا تھا۔
کرنی سینا کے قومی صدر سکھ دیو سنگھ کو بدھ کو نامعلوم افراد نے شیام نگر علاقے میں ان کے گھر پر قتل کر دیا تھا۔ ۲؍ نوجوان ملاقات کے بہانے گھر آئے تھے۔ انہوں نے تقریباً۱۰؍ منٹ گھر میں گزارے اور پھر گولی مار کر ان کا قتل کر دیا۔ انہیں فوری طور پر قریبی میٹرو ماس اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ یہ واقعہ گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی قید ہو گیا تھا۔سکھ دیو سنگھ کے قتل کے بعد بدھ سے ریاست میں احتجاج جاری ہے۔ راجستھان پولیس نے معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ ایس آئی ٹی نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے۔ وہیں سکھ دیو سنگھ کے اہل خانہ نے اس پورے معاملے کو لے کر پولیس انتظامیہ کے سامنے آٹھ مطالبات رکھے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان پر ایک زبانی معاہدہ ہو گیا ہے۔ لیکن اہل خانہ کا کہنا ہے کہ تحریری رضامندی کے بعد ہی آگے قدم اٹھائے جائیں گے۔ جمعرات کوگوگامیڈی گاؤں میں سکھ دیو سنگھ کا انتم سنسکار بھی کردیاگیا۔دوسری جانب سکھ دیو سنگھ کے قتل کے خلاف احتجاجاً جمعرات کو الور میں بند منایا گیا۔ راجپوت ہاسٹل میں راجپوت برادری اور کرنی سینا کے کارکنان جمع ہوئے اور وہاں سے ایک گروپ بنا کر شہر کے بازاروں میں نکلے اور جو دکانیں کھلی تھیں انہیں بند کرایا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.