حیدرآبادکے بازارگھاٹ میں آتشزدگی کاواقعہ، ایک ہی خاندان کے9 افرادجاں بحق
حیدرآباد:تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 9افراد جاں بحق ہوگئے۔ آگ کار گیراج کے گراؤنڈ فلور سے شروع ہوئی اور اوپر کی منزل تک پھیل گئی اور لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔یہ واقعہ نامپلی کے بازار گھاٹ علاقے میں چھ منزلہ عمارت میں پیش آیا۔ فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔آتشزدگی کے واقع کے متاثرین میں چار مرد، چار خواتین اور ایک پانچ سالہ بچہ شامل ہے۔ لاشوں کو عثمانیہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ مزید 8 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔جبکہ15 افراد کو فائر بریگیڈ کے عملے نے بچا لیا۔ فی الحال لاشوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ لاشیں مکمل طور پر جھلس چکی تھیں جس کی شناخت ممکن نہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ مرنے والوں میں سے سات کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ ان سب کا تعلق محمد اعظم نامی تاجر کے خاندان سے ہے۔ وہ6 منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر رہتے تھے۔