بیٹی ساتھ لے جانے پر تنازع-کراچی میں خاتون کا افغان شوہر قتل
پاکستان کےشہرکراچی کے علاقے بنارس میں بیٹی کو افغانستان لے جانے کے معاملے پر جھگڑا ہوگیا،جس میں فائرنگ سے افغان باشندہ قتل اور اس کی پاکستانی اہلیہ زخمی ہوگئی۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے 2 پستول برآمد کرلیے،جب کہ شہر کے دیگر علاقوں میں فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پیرآباد کے علاقے بنارس باچا خان چوک گلی نمبر دو کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور اس کی بیوی زخمی ہوگئی۔اسپتال میں مقتول کی شناخت 48 سالہ میر افضل ولد طالب خان اور زخمی خاتون کی شناخت 35 سالہ سائرہ زوجہ میر افضل کے نام سے ہوئی۔ہیڈ محرر اختر اسلم نے بتایا کہ فائرنگ کا گھریلو تنازعہ کے باعث پیش آیا ہے۔ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سائرہ نے میر افضل سے دوسری شادی کی تھی۔میر افضل افغان ہے جب کہ سائرہ پاکستانی ہے۔دونوں افغانستان جارہے تھے اور پہلے شوہر سے ہونے والی بیٹی کو ساتھ لے جانا چاہتے تھے،لیکن بچی نے سائرہ کے ساتھ جانے سے انکار کردیا تھا اور پاکستان میں رہنا چاہتی تھی۔اس بات پر دونوں کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔فائرنگ کے واقعے کے وقت میر افضل اور اہلیہ ، بچی کو لینے گھر گئے ہوئے تھے کہ جھگڑا شروع ہوگیا۔فائرنگ سے میر افضل موقع پر جاں بحق اور سائرہ زخمی ہوگئی۔ملزم فرار ہوگیا تھا، جسے پولیس نے بعد میں گرفتار کرلیا۔فائرنگ کرنے والا ملزم ابوبکر سائرہ کا بھتیجا ہے۔پولیس نے ملزم سے تیس بور پستول اور نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد اکھٹے کرلئے ہیں،جسے فارنسک کے لئے بھیجا جائے گا۔ایف بی صنعتی ایریاکے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 22 زمرد کالونی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، جہاں مضروب کی شناخت 18 سالہ عادل ولد میاں رانجھا کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او اختر عزیز نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کے باعث پیش آیا ہے۔عادل کو اپنے کسی رشتہ دار نے گولی مارکر زخمی کیا اور فرار ہوگیا ہے۔علاج معالجے کے بعد مضروب کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائےگا۔منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔سول اسپتال میں مضروب کی شناخت 55 سالہ مرتضی ولد نذیر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔